یوم مئی پر ریلیاں محنت کشوں کا تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ

مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات ضروری ہیں، صدرڈاکٹر عارف علوی


کم ازکم اجرت 25 ہزار کر دی، وزیر اعظم۔ فوٹو: اے پی پی

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کا عالمی دن پیر کو منایا گیا جب کہ ملک بھر میں عام تعطیل تھی۔

مزدور تنظیموں کی جانب سے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر جلسے منعقد کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جس میں محنت کشوں نے مہنگائی میں کمی اور تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔

صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے لیبر فورس ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزدوروں کی کم از کم اجرت 17,500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 25000 روپے ماہانہ کر دی ہے حکومت مزدوروں کے فلاحی اداروں کیلیے خودکار مربوط نظام تیار کرنے کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے پیپلزپارٹی محنت کشوں کی جماعت ہے پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں اکر مزدوروں کی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ بے نظیر بھٹو کی طرح محنت کشوں کا ساتھ دیں گے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مزدوروں اور کسانوں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دلائیں گے، پیپلز پارٹی مزدوروں کے حقوق پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوگی، مزدور خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا، آئندہ الیکشن میں عوام نے مینڈیٹ دیا تو محنت کشوں کیلیے بینظیر مزدور کارڈ لائیں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان دور میں جتنا ظلم مزدوروں، کسانوں اور تنخواہ دار طبقے پر ہوا ملکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس میں متنازع قانون: عالمی یومِ مزدورپرلاکھوں مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کیلیے سرگرم اور ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان ورکرزفیڈریشن اور پی ایف یوجے کے زیراہتمام یوم مئی کے حوالے سے نیشنل پریس کلب میں جلسے سے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم مئی تجدید عہد کا دن ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن اور چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت کے مطابق ای اوبی آئی پنشن میں اضافے سمیت پاکستان بھر کے مزدوروں کیلیے مزید مراعاتی پیکج کا جلد اعلان کریں گے، صحافی برادری کو ای اوبی آئی میں رجسٹرڈ کروانے کیلیے سمری تیار کرچکے ہیں جو جلد نافذالعمل ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں