پاکستان میں جمعرات کو ہونے والے کیمبرج کے امتحانات بھی منسوخ
او لیول اور اے لیول کا پرچہ دوبارہ نہیں لیا جائے گا بلکہ ایوریج مارکنگ کی جائے گی
کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے موجودہ ملکی غیر یقینی صورت حال کے پیش نظر کل جمعرات کو بھی پاکستان میں ہونے والے اے اور او لیول کے پرچے منسوخ کر دیے ہیں۔
ترجمان برٹش کونسل کے مطابق کل جمعرات کو او لیول اور اے لیول کا پرچہ نہیں ہوگا،اس سے قبل بدھ کے امتحانات بھی منسوخ کیے گئے تھے، اب جمعرات کو بھی صبح اور دوپہر میں ہونے والے پرچے نہیں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق منسوخی کے سبب اب ان مذکورہ مضامین کے پرچوں کے نتائج کی ایوریج مارکنگ کی جائے گی اور اسی مضمون کے دیے گئے دوسرے پرچوں کی بنیاد پر نتیجہ جاری ہوگا۔
برٹش کونسل کے مطابق منسوخ شدہ پرچوں کے نتائج اور گریڈنگ سے متعلق تفصیلات جلد جاری ہوں گی۔