نجی تعلیمی ادارے بند کیے گئے تو متعلقہ اسکولز کیخلاف کارروائی ہوگی محکمہ اسکول سندھ
خلاف ورزی کی صورت میں رجسٹریشن ایکٹ کے تحت رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی، محمکہ اسکول ایجوکیشن
محمکہ اسکول ایجوکیشن نے کراچی سمیت سندھ میں بغیر حکومتی اجازت کے نجی اسکول بند رکھنے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
اس سلسلے میں جاری مراسلہ میں سندھ بھر کے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو تنبیہ کی ہے کہ وہ 11 مئی (بروز جمعرات) اور ازاں بعد بھی اسکول معمول کے مطابق کھلے اور اکیڈمک سلسلہ جاری رکھیں بصورت دیگر ان کے خلاف رجسٹریشن ایکٹ کے تحت ضابطہ کی کارروائی کی جائے گی اور رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔
وزارت تعلیم سندھ کے اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ کی رجسٹرار پروفیسر رفعیہ ملاح کے جاری کردہ مراسلے کے تحت نجی اسکولوں کی انتظامیہ تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق چلانے کی پابند ہیں۔
نوٹی فکیشن میں وزیر تعلیم کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سردار شاہ کی ہدایت کے مطابق اسکولز کو زبردستی بند رکھنے کے از خود فیصلے کی صورت میں ان اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد کراچی میں امن و امان کی پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب اکثر معروف اور بڑے نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے اپنے ادارے 10 مئی کو بند کردیے تھے۔