کے پی میں مظاہروں کے دوران ہونیوالے نقصانات کی رپورٹ جاری 296 افراد گرفتار

مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے دستیاب فوٹیج کی مدد حاصل کی جا رہی ہیں


یاسر علی May 12, 2023
فائل فوٹو

پشاور پولیس نے صوبہ بھر میں جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد مظاہروں کے دوران ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے دستیاب فوٹیج کی مدد حاصل کی جا رہی ہیں۔

پشاور پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو روز میں صوبہ بھر میں جاری جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کے خلاف 42 سے زائد مقمات درج ہوئے اور 296 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی ار میں نامزد 44 جبکہ 3 ایم پی او کے تحت 252 اب تک گرفتار کیے گئے، تمام گرفتاریاں قانونی تقاضے پورے کرکے عمل میں لائی گئیں۔

پولیس کے مطابق مسلح جھتوں، شرپسندوں کے حملوں اور پتھراو سے 32 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں ملوث 106 مشتعل افراد بھی زخمی ہوئے، ہنگاموں کے دوران صوبہ بھر میں 7 افراد جاں بحق جن میں پشاور میں 4، کوہاٹ 2 اور لوئر دیر میں 1 شخص جاں بحق ہوا ہے۔

ہنگاموں میں شرپسند مظاہرین نے 17 سرکاری املاک اور تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان، آرمی چیک پوسٹ کے بیرئیر، سی سی ٹی وی کیمرے، پولیس پوسٹ، نیب آفس، الیکشن کمیشن وار سیف سٹی پراجیکٹ پر حملے کیے۔

مشتعل مظاہرین نے پشاور مردان چارسدہ، چکدرہ سوات کے ٹول پلازے اور سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہچایا۔

پولیس کے مطابق ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کی شناخت کا عمل تیز کرلیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ویڈیوز کی مدد سے شرپسند عناصر کی نشاندہی کرکے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں