کراچی میں پی پی کونسلر کی اپنی نااہلی کے خلاف درخواست مسترد

پی پی کا امیدوار اختر کالونی یونین کمیٹی نمبر 6 کے وارڈ 2 سے جنرل کونسلر منتخب ہوا تھا


کورٹ رپورٹر May 13, 2023
(فوٹو : فائل)

سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے جنرل کونسلر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈس کوالیفائی کرنے کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پیپلز پارٹی کے جنرل کونسلر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈس کوالیفائی کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار محمد اظہر کے وکیل نے موقف دیا کہ میرے موکل اختر کالونی یونین کمیٹی نمبر 6 کے وارڈ 2 سے جنرل کونسلر منتخب ہوا تھا۔ مخالف پارٹی کے امیدوار نے کامیابی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا اور جواز بنایا کہ میرے موکل کا ووٹ ہی اس حلقے میں رجسٹرڈ نہیں ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس بنیاد پر مجھے ڈس کوالیفائی کردیا، میرے پاس ووٹر سرٹیفکیٹ موجود ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ درخواست گزار اس حلقے کا ووٹر ہے، الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار نہیں ہے کہ وہ اس طرح کی درخواست سنے اور فیصلہ دے۔

عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ جماعت اسلامی کے امیدوار کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے کونسلر کو ڈس کوالیفائی کیا تھا، پیپلز پارٹی کا کونسلر انتخابی حلقے کا ووٹر ہی نہیں تھا۔

الیکشن کمیشن کے لا افسر نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ کاغذات نامزدگی اور اسکروٹنی کے وقت درخواست گزار اس حلقے کی ووٹر لسٹ میں شامل نہیں تھا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں