ریڈیو پاکستان پشاور کو آگ لگانے کے المناک واقعے نے پرندوں کی چہچہاہٹ چھین لی

طویل عرصے سے آباد گھونسلے آگ کی نذر، جلے پرندوں کو دیکھ کر ریڈیو ملازمین اشکبار


احتشام خان May 14, 2023
فوٹو: ایکسپریس

ریڈیو پاکستان پر شر پسندوں کے حملے نے جہاں بڑے پیمانے پر قومی ورثے کا نقصان کیا وہیں پرانی عمارت کی کھڑکیوں میں چڑیوں کے تنکے تنکے چن کر بنائے جانے والے گھونسلے بھی اجڑ گئے۔

المناک حادثے میں گھونسوں میں موجود اڑنے سے قاصر چڑیوں کے ننھے بچے بھی شعلوں کی نذر ہوگئے، عمارت کی پہلے اور تیسری منزل کی بیرونی کھڑکیوں پر اور آڈیٹوریم ہال کے باہر کبوتروں کے آشیانے بھی ختم ہوگئے جہاں اب جلی ہوئی عمارت میں کبوتر کچھ دیر کے لئے آتے ہیں اور اڑ کر چلے جاتے ہیں۔

واقعے کے عینی شاہد ریڈیو پاکستان کے ملازمین نے ایکسپریس کو بتایا کہ اس عمارت سے ہمیشہ امن، محبت، بھائی چارہ، تعلیم و ہنر کا پیغام گیا لیکن عمارت کے نقصان کیساتھ ساتھ جلے پرندوں کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا رہا۔

ریڈیو ملازمین کے مطابق ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت خاموش اور پرسکون جگہ تھی، چھ منزلہ عمارت کے باہر پچاس کے قریب کھڑکیاں تھیں جہاں پرندوں نے طویل عرصے سے اپنے گھر آباد کئے ہوئے تھے لیکن دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے سب کچھ مٹا دیا۔

ریڈیو پاکستان میں گزشتہ دس سال سے زائد عرصہ گزارنے والے سنئیر پروڈیوسر اکرام اللہ مروت نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان پشاور حقیقی طور پر ایک اکیڈمی تھی جہاں سے نامور فنکاروں، گلوکاروں دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے صحافیوں نے تربیت حاصل کی، شاہد یہ المناک واقعہ ذہنوں سے نکلنے میں ہمیں کئی ماہ لگیں۔

ریڈیو پاکستان کے ہی سنئیر پروڈیوسر طفیل نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان جشن آزادی، عیدین، 23 مارچ ، 6 ستمبر سمیت اہم دنوں پر خصوصی ٹرانسمیشن کا انعقاد کرتا تھا جس سے قومی وحدت اور دنیا کو امن کا پیغام دیا جاتا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں