کراچی عدالت سے فرار ہونے والی خاتون گرفتار
ملزمہ کو تیزاب گردی کے کیس میں گرفتار کیا گیا، جو گزشتہ ماہ ملیر کورٹ سے فرار ہوگئی تھی
ملیر کورٹ سے خاتون سمیت فرار ہونے والے 3 ملزمان میں سے خاتون کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمہ گزشتہ ماہ کورٹ میں پیشی کے دوران فرار ہوگئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی انویسٹی گیشن کی ٹیم نے ملیر کے علاقے غریب آباد میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزمہ صغریٰ مزمل کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او ملیرسٹی عدنان بخاری نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 8 اپریل کو ملیر کورٹ میں پیشی کے دوران 3 ملزمان فرار ہوئے تھے ان میں سے ملزمہ صغریٰ بھی شامل تھی۔
ملزمہ پیشی کے دوران بیت الخلا گئی اور وہاں اس نے پہلے سے موجود دوسری خاتون کا برقع لیکر پہنا اور اس کی حفاظت پر مامور اہلکار کو چکمہ دیکر فرار ہوگئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ ملزمہ کے خلاف ملیر سٹی تھانے میں ساس پر تشدد اور تیزاب پھینکنے کا مقدمہ درج تھا اور وہ جیل سے پیشی پر آئی تھی کہ موقع پاکر فرار ہوگئی جس کے فرار کا مقدمہ بھی ملیر سٹی تھانے میں درج کیا گیا تھا جبکہ اسی روز ملیر کورٹ سے فرار ہونے والے دیگر 2 ملزمان آصف اور بخت زمان تاحال مفرور ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔