پاکستان اور کوریا کے درمیان قرض ادائیگی موخر کرنے کا معاہدہ طے پاگیا

ایک کروڑ 99 لاکھ 11 ہزار ڈالر کا قرضہ چھ سال کی مدت میں سالانہ اقساط میں ادا کیا جائے گا، اقتصادی امور ڈویژن


Irshad Ansari May 15, 2023
فوٹو: اقتصادی امور ڈویژن

حکومت پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان ایک کروڑ 99 لاکھ 11 ہزار امریکی ڈالر کے قرضے کی ادائیگی کو موخر کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان نے جی 20 ڈیبٹ سروس معطلی اقدام فریم ورک (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت جمہوریہ کوریا کے ساتھ معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں، یہ رقم ابتدائی طور پر جولائی اور دسمبر 2021 کے درمیان ادا کی جانی تھی مگر معاہدے کے بعد اب ایک سال کے گریس پیریڈ کے ساتھ چھ سال کی مدت میں سالانہ اقساط میں ادا کی جائے گی۔

وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون کی وجہ سے جی 20 ممالک نے وہ مالی سہولت فراہم کی ہے جو پاکستان کیلئے فوری صحت اور اقتصادی ضروریات سے نمٹنے کے لیے ضروری تھی۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان پہلے ہی اس سہولت کے تحت اپنے تین ارب 63 کروڑ30 لاکھ ڈالر مالیت کے قرضوں کی ادائیگی کو موخر کرنے کے لیے 21 دو طرفہ قرض دہندگان کے ساتھ 104 معاہدوں پر دستخط کر چکا ہے۔

اقتصادی امور ڈویژن حکام کے مطابق کوریا کے ساتھ معاہدے پر دستخط سے یہ مجموعی رقم تین ارب 65 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جی20 ڈیبٹ سروس معطلی اقدام فریم ورک کے تحت دستخط کیے جانے والے بقیہ معاہدوں کیلئے بات چیت جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں