پاکستان میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں آئی ایم ایف
توقع ہے آگے بڑھنے کا ایک پر امن راستہ تلاش کیا جائے گا، نمائندہ آئی ایم ایف ایستر پیریز کا بیان
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں اور توقع ہے کہ آگے بڑھنے کا ایک پر امن راستہ تلاش کیا جائے گا۔
پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کی نمائندہ ایستر پیریز نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف اہم بیرونی شراکت داروں کی جانب سے پاکستان کی مالی معاونت کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے، آئی ایم ایف بقیہ ضروری فنانسنگ کی یقین دہانیاں حاصل کرنے کا منتظر ہے۔
نمائندہ آئی ایم ایف ایستر پیریز نے مزید کہا کہ نویں اقتصادی جائزے میں نظرثانی شدہ پالیسی فریم ورک پر عمل درآمد اہم ہوگا، فروری میں پیش کردہ منی بجٹ، توانائی کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ اہم اقدامات ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ درآمدی پابندیوں میں کمی، مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ، کمزور طبقے کی مدد معاشی استحکام کیلئے اہم ہیں۔ شراکت داروں کی جانب سے مالی اعانت میکرو اکنامک استحکام کے دوبارہ حصول کیلئے کلیدی ہے۔