کشمیر بھارتی استبداد اور عالمی رویہ

مقبوضہ کشمیر کے لوگ ہندوستانی قبضے میں اپنا تاریک مستقبل دیکھتے ہیں


Editorial May 18, 2023
مقبوضہ کشمیر کے لوگ ہندوستانی قبضے میں اپنا تاریک مستقبل دیکھتے ہیں۔ فوٹو:فائل

مودی حکومت ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے تو دوسری طرف دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے سری نگر میں جی ٹونٹی کے اجلاس کا انعقاد کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار اقلیتی مسائل پر اقوام متحدہ کے نمایندے فرنینڈڈی ورینس نے کیا، انھوں نے خبردار کیا ہے کہ 2019کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ڈرامائی انداز میں بڑھی ہیں۔

جی ٹونٹی جیسی عالمی تنظیموں کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلامیہ پر عمل درآمد کی حمایت جاری رکھنی چاہیے ، جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال اور اجلاس کے انعقاد کی مذمت کرنی چاہیے۔

بلاشبہ ہر گزرتے دن کے ساتھ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال ابتر ہوتی جا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو دیکھا جائے تو شدت سے احساس ہوتا ہے کہ طاقتور ممالک کیسے انسانی تاریخ کے بڑے المیے کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

بھارت کے اقدامات اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر تنازعہ کشمیر سب سے پرانا ہے اور مطالبہ صرف اتنا ہے کہ اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل کے فیصلوں کے مطابق کشمیر میں استصواب کرائے اور کشمیریوں کو رائے دہی کا حق استعمال کرنے دیا جائے کہ وہ اپنا مستقبل بھارت اور پاکستان میں سے کس کے ساتھ وابستہ رکھنا چاہتے ہیں۔

سلامتی کونسل میں یہ مسئلہ خود بھارت کے آنجہانی وزیراعظم جواہر لال نہرو لے کرگئے اور غیر مشروط طور پر استصواب کا وعدہ کیا اور قرارداد کو منظور کیا۔ اس کے بعد 75سال کی تاریخ بتاتی ہے کہ بھارت کے ہر حکمران نے خلاف ورزی کی اور پھر کشمیر میں مظالم ڈھائے اور اب تک یہ سلسلہ جاری ہے۔

2019میں اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو غیر قانونی طور پر منسوخ کرنے کے بعد سے، ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں معمول کی واپسی کے جھوٹے بیانیے کو بیچنے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے۔

حقیقت بھارتی جھوٹے دعوؤں سے مختلف ہے کیونکہ بھارتی حکومت کے غیر لچکدار رویے کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ مودی کی قیادت میں بی جے پی انتظامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقے میں ترقی اور تشدد کا خاتمہ ہوگا۔

بھارت کا معمول اور ترقی کا دعویٰ ناکام ہوگیا ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی سے پہلے سے بھی بدتر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر لانے کا بھارت کا دعویٰ صرف بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔ بھارت خطے کی اصل صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے لوگ ہندوستانی قبضے میں اپنا تاریک مستقبل دیکھتے ہیں اور اب وہ ہندوستانی توسیع پسندانہ اور نو آبادیاتی عزائم کے ذریعے غیر قانونی طور پر ان پر جبری غلامی کے طوق کو توڑنا چاہتے ہیں۔ ہندوستانی نظام انصاف بھی مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے بلکہ مجرموں کے سامنے سرنڈر کر چکا ہے۔

بھارت کی نو لاکھ سے زیادہ مسلح فوج کشمیریوں کی زندگی حرام کیے ہوئے ہے۔ مودی حکومت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کے علاوہ یکطرفہ نوعیت کی قانون سازی کر کے کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اب تک بھارت تمام تر مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکا۔

مقبوضہ کشمیر ایک جنت ہے جسے بھارتی قابض افواج نے ایک جہنم بنا کر رکھ دیا ہے، کشمیر کی صورتحال ہمیشہ سے ہی نازک رہی ہے لیکن عوام نے ہمیشہ قابض افواج کی مزاحمت کی اور کر رہے ہیں اور ہر ذریعہ کو بروئے کار لاتے ہوئے قابض افواج کے خلاف مزاحمت کرتے رہیں گے۔

بھارت کی کشمیر سے متعلق پالیسی اس بات سے عیاں ہے کہ ایک کشمیری لیڈر افضل گرو کے خلاف مقدمہ ہوا اور اسے پھانسی کی سزا سنا دی گئی لیکن اعلیٰ عدالت کے جج نے جو فیصلہ سنایا اس کے الفاظ یہ ہیں۔

''اس کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں لیکن بھارت کی اجتماعی سوچ کو مطمئن کرنے کے لیے اسے پھانسی کی سزا سنائی جاتی ہے'' جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور لوگ ابھی تک اس بات کے منتظر ہیں کہ وہاں اقوامِ متحدہ کے تحت استصواب رائے ہو نہ کہ بھارتی الیکشن کمیشن کے تحت جموں و کشمیر میں ڈھونگ انتخابات منعقد کروائے، جو کسی بھی صورت عوامی استصوابِ رائے کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔

پاکستان کی طرف سے یہ مسئلہ ہر فورم پر اٹھایا گیا اور اب تک حمایت جاری ہے لیکن اقوام عالم اپنا وعدہ پورا نہیں کر پاتیں، اب تو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد دنیا بھر کو جواب ہی سا دے دیا ہے۔

او آئی سی کی طرف سے بھی مکمل اظہار یکجہتی کے بعد یہ قرار دیا گیا کہ بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق غصب کرنے کے بجائے ان کو اظہار رائے کا حق دے۔ جہاں تک پاکستان کے موقف کا تعلق ہے تو اس میں تسلسل موجود ہے اور ہر فورم پر کشمیریوں کے حق رائے دہی کے لیے آواز بلند کی گئی، اگرچہ مختلف جماعتوں کا انداز فکر الگ الگ رہا لیکن موقف میں یکسانیت ہے جو اس کے باوجود موجود ہے کہ حالیہ محاذ آرائی کے دور میں کشمیر کے معاملے میں بھی ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی ہوتی ہے۔

تاہم قومی سطح پر کشمیریوں کی مکمل حمایت موجود ہے۔ عوام تو سمجھتے ہیں کہ اس مسئلہ پر پوری قوم ایک پیج پر ہے تو سیاسی جماعتوں اور اکابر کو بھی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ دکھ کا مقام ہے کہ ہم تو آپس میں اس بُری طرح تقسیم کا شکار اور بٹے ہوئے ہیں کہ خود اپنے پاکستان میں نظام کو چلنے نہیں دے رہے۔

آج ہمارا یہ ملک خدا داد پاکستان خطرات سے دوچار ہے۔ دہشت گردی کی تازہ لہر کا مقابلہ اس صورت میں کرنا ہے اور آئی ایم ایف اپنا رنگ دکھا رہا ہے۔

پاکستان شرائط تسلیم کرنے پر مجبور ہے، جن کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخ اور بڑھیں گے اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا ایسے میں کسی فلسفے کی نہیں دانائی اور عقل کی ضرورت ہے کہ محاذ آرائی ترک کرکے ہمیں قومی سلامتی کے لیے اکٹھا ہونا چاہیے۔ صرف اسی صورت میں ملک کو آفات سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے موضوع پر تقریبات تو ہو رہی ہیں لیکن قومی اتفاق رائے نظر نہیں آتا جو تمام امور میں ضروری ہے۔

جس طرح بھارتی استبداد کوئی نئی بات نہیں، اسی طرح یہاں کے حریت پسند عوام کی تحریک آزادی اور بھارتی و ریاستی حکومت کے خلاف ان کا احتجاج بھی کوئی نئی اور انوکھی بات نہیں۔ ظالمانہ حربوں سے جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

پاکستان اور مسلم ممالک بھارت پر زور دے کہ وہ انسانی حقوق سے متعلق ذمے داریوں کو پورا کر نے کے ساتھ ساتھ اقوام متحد ہ کی قراردادوں کے تحت کیے گئے، اپنے وعدوں کی بھی تکمیل کر ے۔ کشمیر میں بھارتی حکومت کے سفاکانہ اقدامات انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ بھارتی ہتھکنڈے کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے دستبردار نہیں کر سکتے، حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے۔

بھارت نے طویل عرصے سے حریت رہنماؤں کو قید و نظربند کیا ہوا ہے جس پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔ عالمی برادری اپنی مجرمانہ خاموشی کو توڑتے ہوئے بھارت کو باور کرائے کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی نگرانی میں غیر جانبدارانہ رائے شماری سے ممکن ہے، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ جنونی بھارت فوج پر امن مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کے سینوں پر گولیاں برسا رہی ہے۔

اس ظلم پر کشمیری پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کی طرف دیکھ رہے ہیں۔اس حساس ترین مسئلے کے بنیادی فریق ہونے کی حیثیت سے پاکستان کا فرض اولین ہے کہ وہ سفارتی محاذ پر عالمی روابط اور عالمی اداروں و تنظیموں میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم، انسانی حقوق کی بدترین خلا ف وزریوں اور درندگی پر مبنی اقدامات کو عالمی برادری کے سامنے لانے کے لیے کشمیر ی عوام کی ہر سطح پر مدد و رہنمائی کرے۔ کشمیری عوام پاکستان کو امید کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

پاکستان کو ان مظالم پر خاموش نہیں رہنا چاہیے کیونکہ پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں اور امیدوں کا ترجمان ہے۔ اس میں دو رائے نہیں کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کیے بغیر برصغیر میں امن و سلامتی کا تصور تک نہیں کیا جا سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں