سیاسی عدم برداشت اور پرتشدد رجحانات

سیاست او رجمہوریت کی بنیاد پر لوگوں کو مضبوط بنانے سے جڑی ہوتی ہے


سلمان عابد May 19, 2023
[email protected]

قومی سطح پر سیاسی تقسیم کا ہونا فطری امر ہوتا ہے۔ لیکن اگر یہ سیاسی تقسیم قومی سلامتی، سیکیورٹی، ریاستی اور حکمرانی کے بحران کے طور پر غالب نظر آئے گی تو اس کا نتیجہ معاشرے میں ایک بڑے سیاسی انتشار اور انتہا پسندی پر مبنی رجحانات کی صورت میں دیکھنے کو ملتا ہے۔

یہ جو حالیہ دنوں میں ہمیں قومی سیاست کے تناظر میں جو مناظر پر تشدد رجحانات, ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے اور سرکاری و غیر سرکاری املاک پر براہ راست سطح کے حملوں نے ہماری قومی تصویر کو دھندلا بنا کر پیش کیا ہے۔

بنیادی دکھ یہ ہے کہ ہم کس طرح کے معاشرے کی تشکیل کررہے ہیں اورکیا وجہ ہے کہ ہم اپنے سیاسی اظہار کے لیے ہر وہ منفی ہتھکنڈا اختیار کررہے ہیں جو ہمیں نہیں کرنا چاہیے تھا۔ایک پرامن اور سیاسی و جمہوری سمیت قانونی دائرہ کار میں اپنی مزاحمت کو پیش کرنا او راظہار کرنا کیونکر ہمارے لیے مشکل بنتا جا رہا ہے ۔کیا وجہ ہے کہ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ جو بھی ہمار ے ذاتی سیاسی مفادات یا خواہشات ہوتے ہیں ان میں ریاستی مفاد کیوں پیچھے رہ جاتا ہے ۔

بدقسمتی سے ہم نے اپنی سیاسی تقسیم کو مثبت انداز میںاستعمال کرنے کی بجائے اس کو منفی بنیادوں پر چلا رہے ہیں او رکیونکر ہم نے اپنے سیاسی اختلافات کو سیاسی دشمنی کا رنگ دے دیا ہے ۔ سیاسی تعصب، سیاسی نفرت، بغض اور سیاسی جنگ میں روداری اور برداشت سمیت سیاسی سطح پر مخالفین کو قبول نہ کرنے کو کیونکر بالادستی حاصل ہوگئی ہے۔

سیاسی لغت، ڈکشنری اور سیاسی لفاظی میں ایسے الفاظ کی برتری جو تنقید کے مقابلے میں تضحیک کے پہلو کو نمایاں کرتا ہے کو کیوں فوقیت یا اہمیت دی جارہی ہے ۔ رائے عامہ کی تشکیل کرنے والے نفرادی افراد یا اجتماعی گروہ میں دیکھیں تو لگتا ہے کہ ہم رواداری , تحمل ، تدبر، فہم وفراست اور مثبت سوچ و فکر سے خالی ہوتے جارہے ہیں ۔

میڈیا یا سوشل میڈیا پر جاری جنگ میں ''ریٹنگ کی برتری '' نے مجموعی طور پر میڈیا کے کھیل کو ایک بڑے سیاسی بحران کو پیدا کرنے کی بقا سے جوڑ دیا ہے ۔ایسے لگتا ہے کہ جیسے بحران کو جائز و ناجائز پیدا کرنا ہمارے سیاسی کھیل کا حصہ بن گیا ہے ۔

سیاسی قیادت چاہے وہ کسی بھی جماعت کی ہو اس کے سامنے سیاسی اہداف بھی بہت چھوٹے ہوتے ہیں او ربڑے بڑے مناظر اور وہ بڑے اہداف جو ہماری ریاستی ضرورت بنتے ہیں وہ سیاسی قیادت کی ترجیحات سے محروم ہیں ۔

سیاست دانوں کی مجموعی تعداد کو دیکھیں تو وہ ایک طرف وہ جذباتیت او رلوگو ں کے جذبات کی بنیاد پر اپنی سیاسی ترجیحات کو تعین کرنا اور دوسری طرف انتہا پسندی اور پر تشدد رجحانات کو بطور سیاسی ہتھیار استعمال کرنے کی حکمت عملی بھی ہمیں پیچھے کی طرف دکھیل رہے ہیں ۔سیاسی نظریات، سیاسی سوچ اور فکر پر مبنی خیالات میں ہم کیونکر '' احترامیت اور باہمی اہم اہنگی '' کے رشتہ کو قائم کرنے میں ناکام ہورہے ہیں ۔

یہ جو قومی سطح پر ردعمل کی سیاست یا مقابلہ بازی سمیت سیاسی دشمن کی بنیاد پر سیاسی مخالفین کو پیش کرنے کی روش خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتا ہے ۔سیاسی جماعتوں کا داخلی نظام کی کمزوری اور سیاسی ترجیحات میں مثبت پہلووں کے فقدان نے مجموعی طور پر سیاسی و جمہوری نظام کو بھی کمزور کیا ہے اور سیاسی کارکنوں کو سیاسی بت پرستی یا سیاسی پوچا پاٹ تک محدود کردیا ہے۔

ہم یہ تسلیم کرنے کے لیے تیار ہی نہیں کہ ہماری سیاسی قیادت بھی غلط ہوسکتی ہے یا وہ شعوری یا لاشعوری طور پر غلطیوں کے مرتکب ہوتے ہیں۔سیاسی بادشاہت کے کلچر نے بھی ہماری سیاسی جماعتوں کو یرغمالی کے منظر میں پیش کیا ہے جہاں کوئی بھی قیادت کو جوابدہ بنانے کے لیے تیار نہیں۔

سیاسی جماعتو ں میں ایسے لوگ جو پرتشد درجحانات رکھتے ہیں یاان کو فروغ دیتے ہیں ان کا اول تو کوئی داخلی احتساب نہیں ہوتا بلکہ دوسری طرف ہماری قیادت ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی او رمدد کرتے ہیں جو ان کے سیاسی مخالفین کے خلاف وشنام طرازی ,تضحیک آمیز پر مبنی سطح کے بیانات , مخالفین کو غدار بنا کر پیش کرنا یا اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف مذہب کارڈ کو استعمال کرنا میں بطور ہتھیار استعمال ہوتے ہیں۔

ہم اگر دیکھیں تو ہمارے سیاسی راہنما اپنے بیانات اور تقریروں میں '' ریڈ لائن کو کراس کرتے ہیں '' او راس سے ا ن کو اپنی اپنی سیاسی جماعتوں میں سیاسی قیادت کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے ۔مجموعی طور پر ہم مسائل کے حل میں خود کو پیش ہونے کی بجائے مسائل کے بگاڑ کی سیاست کا حصہ بن گئے ہیں ۔یہاں مقصد سیاسی جماعتوں یا ان کی قیادت پر تنقید کرنا مقصود نہیں بلکہ اس بات کا احساس دلانا ہے کہ سیاسی جماعتوں کا امتحان بہت بڑا ہے اور ہماراسیاسی اور جمہوری نظام ان سے بڑی توقعات رکھتا ہے ۔

سیاست او رجمہوریت کی بنیاد پر لوگوں کو مضبوط بنانے سے جڑی ہوتی ہے۔ سیاست اور جمہوریت کا درس لوگوں کو رواداری پر لاتا ہے تاکہ ایک دوسرے کی اختلافات کے باوجود سیاسی قبولیت ممکن ہوسکے۔ سیاست او رجمہوریت کا مطلب لوگوں میں نفرتوں کی بنیاد پر سیاسی تقسیم کا کھیل نہیں ہونا چاہیے ۔

ہمیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ ہم اس ملک کو بطور ریاست آگے لے کر جانے کی بجائے پیچھے کی طرف ہی دکھیل رہے ہیں۔ اس ناکامی کے ذمے دار صرف سیاست دان نہیں بلکہ تمام طاقت کے مراکز ہیں۔ان سب ہی جاری غلطیوں کی سزا پوری قوم کل بھی بھگت رہی تھی اور آج بھی بھگت رہی ہے ۔

اہل سیاست جب طاقت میں ہوتے ہیں تو انتہا پسندی پر مبنی رجحانات کو اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرتے ہیں اور جب کوئی دوسرا اقتدار کے کھیل کاحصہ بنتا ہے تو سابقہ حکمرانوں کو بھی اسی مکافات عمل کا حصہ بننا پڑتا ہے۔ ہمارا مجموعی سیاسی کلچر اپنے اندر ایک بڑی اصلاحات درکار چاہتا ہے او راس کے لیے روائتی طریقہ کار نہیں بلکہ غیر معمولی اقدامات یا ایک بڑ ی سرجری درکا رہے ۔

اگر ہم نے بنیادی نوعیت کی تبدیلیاں لانا مقصود ہے تو ہمیں اپنے تعلیمی نظام جن میں مدارس کا نظام بھی شامل ہے کو فوقیت دینی ہوگی اور اسی نظام کو انتہا پسندی اور پرتشدد رجحانات کے خلاف استعمال کرنا ہوگا۔ کیونکہ بیانیہ کی جنگ میں ہمیں ایک ایسا متبادل بیانیہ درکا رہے جو پرامن بھی ہو اور لوگو ں میں رواداری اور ایک دوسرے کے احترام کی قبولیت کو پیدا کرے ۔ اختلافات کو ایسی جگہ پر لے کر جانا جہاں راستے کھلنے کی بجائے بند ہوجائیں اور ہم بلاوجہ خود کو آگ میں دکھیلیں اس سے گریز کیا جانا چاہیے ۔

ایک ایسا سیاسی نصاب جو سیاسی استحکام اور سیاسی و جمہوری روایت کو مضبوط کرے وہ ہماری قومی ترجیحات کا حصہ ہونا چاہیے۔یہ کام کسی ایک فریق پر ڈال کر ہم خود کو بری الزمہ نہیں کرسکتے بلکہ اس میں تمام فریقوں کو ذمے داری کے ساتھ اپنا اپنا حصہ او رکردار ڈالنا ہوگا۔ سیاسی جماعتوں کی قیادت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ پرتشدد اور انتہا پسندی پر مبنی پالیسی یا اس کو بنیاد بنا کر اپنی سیاسی حکمت عملی تیار کرنا یا اس سے فائدہ اٹھانے کی پالیسی خطرناک عمل ہوگا۔

جو بھی انتہا پسندی اور تشدد پر مبنی پالیسی کو اپنا ہتھیار بناتے ہیں ان کے خلاف ریاستی پالیسی میں کسی پسند و ناپسند کی بنیاد پر لچک یا فیصلے نہیں ہونے چاہیے ۔اس لیے اگر ہم نے واقعی عدم برداشت یا عدم رواداری یا انتہا پسندانہ رجحانات کا مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں آج کی اپنی سوچ, فکر , پالیسی اور قدامات پر ازسر نو نہ صرف غور کرنا ہوگا بلکہ بہت کچھ تبدیل کرنا ہوگا۔ بالخصوص نئی نسل میں نوجوان طبقہ کی جو مایوسی یا غیر یقینی کی کیفیت ہے اوران کے جو مسائل ہیں ان کا حل بھی تلاش کرنا ہوگا۔

کیونکہ نوجوان بڑی تیزی سے اپنی محرومی کی سیاست میں ریاستی اور حکومتی نظام سمیت طرز حکمرانی کو ہی چیلنج کررہا ہے ۔

اس میں جو غصہ ہے , بغاوت ہے , نفرت ہے اس کا علاج محض طاقت کی حکمت عملی سے ممکن نہیں ۔ اس کے لیے جہاں ریاستی سطح کی رٹ کی مضبوطی کا تعلق ہے وہیں لوگوں میں اور خاص طور پرنوجوانوں میں توازن کی سیاست کو بھی پیدا کرنا ہوگا۔ نوجوانوںکو ہم اپنا دشمن سمجھنے کی بجائے ان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنائیں اور جو بھی ان کے مسائل ہیں اس پر ان کو انتہا پسند قرار دے کر آگے بڑھنے کی پالیسی بھی درست پالیسی نہیں ہوگی ۔

اس لیے اب بھی وقت ہے کہ ہم کچھ بڑا کریں او رایسا کریں جو ہماری قومی ضرورت بنتا ہے ۔کیونکہ ہم نے خود کو داخلی او رخارجی محاذ پر امن، سلامتی ،خوشحالی اور رواداری سمیت ایک مہذب معاشرے کے طو رپر پیش کرنا ہے تو ہمیں اپنے موجودہ کردار او رپالیسیوں میں تبدیلی کرنا ہوگی ۔ یہ ہی اس وقت ہمارا قومی ایجنڈا ہونا ہوگا جو ہماری عالمی دنیا میں بھی قبولیت کو یقینی بنائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں