پاکستانی فلم ’’دی سسٹم‘‘ کے ٹریلر اور میوزک لانچنگ تقریب

غفور بٹ ناروے میں مقیم ہونے کے باوجود انڈسٹری کی بحالی کیلیے کوشاں ہیں، اعجاز درانی


Cultural Reporter April 25, 2014
شہزاد غفور فلمز کے زیر اہتمام فلم سسٹم کے میوزک لانچنگ کی تقریب میں اعجاز درانی، غفور بٹ زوریز لاشاری، ہیرو شیراز، ہیروئن کشف، اداکار عرفان کھوسٹ، نیر اعجاز کا شرکاء کے ہمراہ گروپ فوٹو۔ فوٹو : وسیم نیاز/ ایکسپریس

فلمساز غفور بٹ کی فلم ''دی سسٹم'' کے ٹریلر اور میوزک لانچنگ تقریب گذشتہ روز لاہور کے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی سنیئر اداکار وفلمساز اعجاز درانی تھے

دیگر مہمانوں میں اداکارہ بہار بیگم ، سینما آنر ایسوسی ایشن کے چیئرمین زوریز لاشاری،نادر مہناس ، جونی ملک،چوہدری اعجاز کامران، جمشید نقوی، طارق بٹ ، شہزاد رفیق ، عمران حسینی ، سہیل حسینی ، حاجی شیرا ، مسعود بٹ ، ذوالفقار مانا ، فیاض خان ، قیصر ثناء اللہ خان ، نیئر اعجاز ، عرفان کھوسٹ ، اداکارہ انمول ، شیرازبٹ اور فلم کے ہدایتکار شہزاد بٹ کے علاوہ پارلیمانی سیکریٹری برائے کلچر رانا ارشد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اعجاز درانی نے کہا کہ غفور بٹ پاکستان اور فلم انڈسٹری سے بہت پیار کرتا ہے اسی لیے ناروے میں رہنے کے باوجود اپنی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔ اسے مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جس نے موجودہ حالات میں ''دی سسٹم '' جیسی معیاری فلم بنائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہر شعبہ میں قابل لوگ موجود ہیں۔ افسوس اس بات کا ہے کہ قابل رائٹر، ڈائریکٹر اور تکنیکار اتنے سالوں میں آہستہ آہستہ ہم سے دور چلے گئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی ایک حوصلے مند قوم ہے جو ہر مشکل کا مقابلہ کرتے ہوئے آگے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اداکارہ بہار بیگم نے کہا کہ ہمیں فلم میکنگ میں آنیوالے نوجوان ٹیلنٹ کی چھت بننا ہوگا۔

زوریز لاشاری نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ہمارے ہاں بھی معیاری فلمیں بن رہی ہیں، پاکستانی فلم بینوں کے ساتھ ہم بھی ان فلموں کو سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے کلچر رانا ارشد نے کہا کہ اس طرح کی فلمیں ہی پاکستان فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال کرینگی۔ انھوں نے کہا کہ ''دی سسٹم'' ایک اچھی کوشش ہے۔ اداکار عرفان کھوسٹ ، نیئر اعجاز، اداکارہ کشف علی اور شیراز بٹ سمیت دیگر فنکاروں نے بھی اظہار خیال کیا۔ دریں اثناء فلم کا ٹریلر اور گانے چلائے گئے جنھیں بے حد پسند کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں