خواہش تھی کہ ’’یارب ‘‘ کی نمائش کے دوران پاکستان ہوتا اعجازخان

فلم ’’یارب ‘‘ میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ اسلام بے گناہ لوگوں مارنے کی بالکل اجازت نہیں دیتا، اعجازخان


Javed Yousuf April 25, 2014
فلم ’’یارب ‘‘ میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ اسلام بے گناہ لوگوں مارنے کی بالکل اجازت نہیں دیتا، اعجازخان فوٹو : فائل

میری دلی خواہش تھی کہ فلم ''یارب '' کی نمائش کے موقع پر پاکستان میں ہوتا ، لاہور سمیت دیگر شہروں میں اس کی تشہیری مہم میں جاتا اور پرستاروں سے بھی ملاقات ہوجاتی ۔

ان خیالات کا اظہار بگ باس فیم اور فلم ''یارب'' کے ہیرو اعجاز خان نے ممبئی سے '' ایکسپریس '' سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اعجاز خان نے کہا کہ فلم اب ایک پراڈکٹ بن چکی ہے، جس کے لیے کامیاب تشہیری مہم بہت ضروری ہوگئی ہے۔ فلم ''یارب '' ایک اچھی کوشش ہے جس میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ اسلام بے گناہ لوگوں مارنے کی بالکل اجازت نہیں دیتا ، بلکہ اس کی آڑ لے کر اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ بھارت میں اسے جس کسی نے بھی دیکھا اسے پسند کیا ۔اعجاز خان نے کہا کہ بہرحال فلم ''یارب '' کا حصہ بننے پر خوشی ہے کیونکہ ایک اداکار کی حیثیت سے میں نے یادگار کردار کیا ہے جو مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت سے پیار کرنیوالا اور حب الوطنی فرض شناس پولیس افسر ہے ۔

اعجاز خان نے کہا کہ فلم کے پروڈیوسر محسن علی خان اور ڈائریکٹر حسنین حیدر آباد والا کے ساتھ ہم نے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں فلم کی بھرپور پبلسٹی کے ساتھ ریلیز کرنے کا پروگرام بنایا تھا،مگر اب معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں آج ریلیز ہورہی ہے۔ اعجاز خان نے کہا کہ بگ باس میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ میں اپنے پاکستانی پرستاروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے سوفٹ امیج پر بنائی جانیوالی اس فلم کو دیکھنے کے لیے سینماؤں میں ضرور جائیں، کیونکہ اس فلم میں پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ مسلمان دہشت گرد نہیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں