کراچی میں مہنگائی کے باوجود 10 روپے میں روٹی دستیاب
ڈی ایم سی ایسٹ نے سستے روٹی اسٹال کا افتتاح کردیا
شہر قائد کے ضلع شرقی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر شہریوں کے لیے سستی روٹی کا اسٹال لگا دیا گیا، جہاں مہنگائی کے باوجود شہری صرف دس روپے میں چپاتی حاصل کرسکتے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ سید شکیل احمد نے چئیرپرسن سرائیکی وویمن ایسوسی ایشن کرم اختر ودیگر کے ہمراہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر سستی روٹی اسٹال کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس اسٹال پر تمام شہریوں کے لیے روٹی دس روپے میں دستیاب ہوگی۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر سید شکیل احمد نے کہا کہ مہنگائی نے شہریوں کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے، ایسے میں اس طرح کے اسٹال ان کی مالی امداد بھی کریں گے، کراچی بڑے دل والوں کا شہر ہے جہاں مخیر حضرات کسی نہ کسی طرح شہریوں کی مدد کیلئے موجود رہتے ہیں۔
سید شکیل احمد نے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلے اس ٹیم نے سستے سبزی اسٹال سے لوگوں کو مستفید کیا اور اب 25 سے 30 روپے فروخت ہونے والی روٹی دس روپے میں فراہم کر رہے ہیں، اس قسم کے اسٹال لگنے چاہیئں تاکہ غریبوں کی کسی نہ کسی طرح مدد ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں سستی روٹی کا اسٹال کسی تحفے سے کم نہیں ہے، ہمیشہ ایسے کاموں کی پذیرائی کی ہے اور جہاں تک ممکن ہوا مدد بھی فراہم کی ہے روز مرہ کی ضروریات کی معیاری سستی اشیاء فراہم کرنے کیلئے جو بھی کردار ادا کرے گا اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
اسٹال کہاں واقع ہے؟
سستی روٹی کا اسٹال بلاک 4 اے نزد بلال مسجد صحافی کالونی، ابوالحسن اصفہانی روڈ پر لگایا گیا ہے۔