وطن کے عظیم شہدا سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے وزیراعلیٰ بلوچستان

بلوچستان کے عوام بہادر افواج اور سیکیورٹی فورسز سے بے لوث محبت کرتے ہیں، عبد القدوس بزنجو کا یوم تکریم شہدا پر پیغام


APP May 24, 2023
فوٹو فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وطن کی خاطر قیمتی جانیں پیش کرنے والے عظیم شہدا سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

یوم تکریم شہدا کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو قومیں شہدا کو بھول جاتی ہیں اُن قوموں کا تاریخ میں کوئی نام لیوا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محافظ ملک دشمن عناصر کے خلاف ہر محاذ پر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا اور ملکی دفاع کیلیے ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے، ہماری تاریخ شہدا کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم ایسی قوم ہیں جو قیام پاکستان سے ہی اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ دشمن کے عزائم کو ہردور میں خاک میں ملاتے ہیں۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پورے ملک اور خصوصا بلوچستان کے عوام اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی فورسز سے بے لوث محبت کرتے اور اُن کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم تکریم شہدا دراصل ایک تجدید عہد ہے کہ ہم سب وطن عزیز کے دفاع ،حرمت اور استحکام کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، بہادر پاکستانی افواج و عوام میں کسی قسم کی خلیج کو حائل ہونے نہیں دیں گے اور متحد ہوکر ملک کو خوشحال بنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔