انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر گھٹ گئی
اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 309 روپے کی سطح پر مستحکم
انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے ریٹ 286 روپے سے بھی نیچے آگئے تاہم اوپن ریٹ بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہے۔
جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانئیے کے دوران ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر 1.46 روپے کی کمی سے 285.67 روپے کی سطح پر بھی آگیا تھا۔
کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 1.39 روپے کی کمی سے 285.74 روپے کی سطح پر بند ہوا جبکہ اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر بغیر کسی تبدیلی کے 309 روپے کی سطح پر مستحکم رہا۔
واضح رہے کہ درآمدی ایل سیز پر تاحال قدغن جاری ہے اور مارکیٹ میں ڈالر کی اہمیت بھی برقرار ہے لیکن اسکے باوجود جمعرات کو ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کو چین سے 2ارب ڈالر واپس موصول ہونے اور حکومت کی جانب سے کمرشل بینکوں کے ساڑھے پانچ ارب ڈالر کے قرضے واپس کرنے کی خبروں نے بھی روپے کی قدر کو سہارا دیا ہے لیکن اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں عازمین حج اور ٹریولرز کی جانب سے بدستور زرمبادلہ کی ڈیمانڈ برقرار ہے۔