کراچی میں انٹر کے امتحانات کی تیاریاں مکمل 30 مئی کو پہلا پرچہ ہوگا
کامرس پرائیویٹ/ریگولر فرسٹ ایئر کی سطح پر ای مارکنگ کی جائے گی
شہر میں انٹر کے امتحانات سائنس، کامرس اور ہیومینیٹیز کے امتحانات 30 مئی سے شروع ہو رہے ہیں جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
امتحانات دو مراحل میں لیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں سیکنڈ ایئر اور دوسرے مرحلے میں سال اول کے امتحانات ہونگے۔ بورڈ کی جانب سے پہلی بار ای مارکنگ کرانے کا اعلان کیا گیا ہے جو کامرس پرائیویٹ/ریگولر فرسٹ ایئر کی سطح پر ہوگی۔
پہلے مرحلے کے امتحانات میں کل 1 لاکھ 14 ہزار 594 امیدوار شریک ہو رہے ہیں جس میں 58 ہزار سے زائد طلبہ صبح اور 55600 سے زائد دوپہر میں امتحانات دیں گے۔
چیئرمین انٹر بورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ بورڈ نے ہر ڈسٹرکٹ کے لیے ویجلنس ٹیمیں بنائی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر، ریجنل ڈائریکٹر، چیئرمین بورڈ اور کنٹرولر کی علیحدہ علیحدہ ویجلنس ٹیمیں ہیں۔ کل 59 حساس امتحانی مراکز ہیں جس میں صبح کے 30 اور دوپہر کے 29 ہیں۔
ایک سوال پر چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ کامرس پرائیویٹ سال اول میں ای مارکنگ کریں گے اس کے لیے ٹینڈر کر رہے ہیں، ای مارکنگ مہنگی ہے۔
چیئرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پر ہمارے 830 ملین روپے انرولمنٹ اور امتحانی فیسوں کی مد میں واجب الادا ہیں۔