پشاورمیں دو مقامات پرپولیو وائرس پایا گیا ہے وفاقی وزیرصحت
پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، سرویلنس نظام موثر انداز میں کام کررہا ہے، عبدالقادر پٹیل
پشاورسے لیے گئے دو ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ پشاور میں دو مقامات، لڑمہ اور نرے خوڑ سے لیے گئے نمونوں میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیب کے مطابق پولیو وائرس جینیاتی طور پر افغانستان کے صوبے ننگرہار میں موجود وائرس سے مماثلت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان پولیو کے خلاف جنگ میں متحد ہیں، پاکستان کا پولیو پروگرام کا پولیو سرویلنس نظام موثر انداز میں کام کر رہا ہے، وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیرصحت نے والدین پر زوردیا کہ وہ بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلوائیں۔