پی ٹی آئی نمائندوں کی گرفتاریوں کیخلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر حکومت کو نوٹس

جنہیں گرفتار کیا گیا وہ لوگ کہاں ہیں خود درخواست کیوں نہیں دیتے؟ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ


کورٹ رپورٹر May 31, 2023
جنہیں گرفتار کیا گیا وہ لوگ کہاں ہیں خود درخواست کیوں نہیں دیتے؟ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کی گرفتاریوں کیخلاف حافظ نعیم الرحمان کی درخواست پر حکومت سندھ، چیف سیکریٹری اور سیکریٹری داخلہ کو 9 جون کے لیئے نوٹس جاری کردیئے۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کی گرفتاریوں کیخلاف حافظ نعیم الرحمان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کی جانب سے سیف الدین ایڈوکیٹ اور عثمان فاروق ایڈوکیٹ پیش ہوئے۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ تمام منتخب نمائندوں کے حلف کو یقینی بنائیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جنہیں گرفتار کیا گیا وہ لوگ کہاں ہیں خود درخواست کیوں نہیں دیتے؟

عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ یو سیز چیئرمین حافظ نعیم کے ووٹرز ہیں، اس لیئے ہم آئے ہیں۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل کو گرفتار یو سی چیئرمینز سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے سندھ حکومت، چیف سیکریٹری اور سیکریٹری داخلہ کو 9 جون کیلئے نوٹس جاری کردیا۔

دائر درخواست میں حافظ نعیم الرحمان نے موقف اپنایا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے۔ منتخب چئرمین کی تعداد کے لحاظ سے مختلف جماعتوں کو مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان ہوگا۔ پہلے مرحلے پر بھی پیپلزپارٹی نے ہر طرح کی دھاندلی کی اور انتظامی مشینری سے مداخلت کی۔

حافظ نعیم نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چھ نشستوں پر وائس چیئرمین کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا تھا۔ جماعت اسلامی نے پیپلزپارٹی دھاندلی کے باوجود کراچی میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیئے۔ پاکستان تحریک انصاف 41 نشستوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پی ٹی آئی نے مئیر کے انتخابات کے لیے حافط نعیم الرحمان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس نے پی ٹی آئی کے کئی منتخب نمائندوں مخصوص نشستوں کے امیدواروں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرلیا ہے۔ پیپلزپارٹی مئیر کراچی کے الیکشن میں جماعت اسلامی کے شکست دینے کے لیے غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ گرفتار منتخب نمائندوں کو حلف لینے کی اجازت دی جائے۔ منتخب نمائندوں کو مخصوص نشستوں کے انتخاب اور مئیر کے الیکشن میں شامل ہونے میں رکاوٹ ڈالنے سے روکا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں