فوج اور آئی ایس آئی کی حمایت میں ملک گیر مظاہرے ریلیاں جاری جیو کا لائسنس معطل کرنے کا مطالبہ

کراچی میں سول سوسائٹی نےفوج وآئی ایس آئی سے اظہاریکجہتی کیلیے ریلی نکالی، شرکا نے آرمی چیف کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں


فوج اور آئی ایس آئی کی حمایت اور جنگ و جیو کیخلاف ریلی کے شرکا فوج سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی سمیت ملک بھرمیں پاک فوج اورآئی ایس آئی کی حمایت میں مظاہرے، ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ریلیوں میں پاک فوج اورقومی سلامتی کے اداروں کوبھرپورطریقے سے خراج تحسین پیش کیاگیااورحمایت میں متعددقرار دادیں منظور کی گئیں۔ کراچی میں سول سوسائٹی کی جانب سے فوج اورآئی ایس آئی سے اظہاریکجہتی، جیواور جنگ کی جانب سے عسکری اداروں خصوصاً آئی ایس آئی کے میڈیا ٹرائل کے خلاف عوامی ریلی کاانعقاد کیا گیاجو لانڈھی سے شروع ہوکر کراچی پریس کلب پراختتام پذیرہوئی۔ ریلی کے شرکانے آرمی چیف کی تصاویراٹھا رکھی تھیں۔ ریلی کے شرکامسلسل فوج کے حق میں اور جیووجنگ کی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اورسلامتی کے لیے فوج نے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔

ایک سازش کے تحت بیرونی ایجنڈے کے مطابق جیواور جنگ کی انتظامیہ کی جانب سے پاک فوج اورآئی ایس آئی کامیڈیا ٹرائل کیاجا رہاہے۔ شرکانے حامدمیر کاپتلا بھی نذرآتش کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جماعۃ الدعوۃ کے کارکنوں نے جنگ گروپ کے اخبارات نذرآتش کیے۔ وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجیدکی اپیل پرآٓزاد کشمیربھر میں افواج پاکستان وقومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ شرکانے قومی سلامتی کے اداروں کے حق میں زبردست نعرے بازی بھی کی اوردفاعی اداروں کے کردارکوخراج تحسین پیش کیاگیااور متعدد قراردادیں منظورکی گئیں۔

مظفرآباد، راولاکوٹ، میر پور، کوٹلی، ہجیرہ میں ریلیوں سے وزیراطلاعات بازل نقوی، وزیر بحالیات عبدالماجد رکن اسلامی نظریاتی کونسل علامہ کفایت حسین نقوی، شوکت جاوید میر، شوکت گنائی ودیگرنے خطاب کرتے ہوئے افواج پاکستان اورآئی ایس آئی کیخلاف پروپیگنڈے کی مذمت کی اوراسے ملک کی خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہاکہ افواج پاکستان اورآئی ایس آئی کے خلاف کسی بھی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ ہرادارہ اپنی حدودمیں رہے۔ مقررین نے کہاکہ آزادکشمیرکابچہ بچہ فوج کے ساتھ کھڑاہے اورہرقربانی دینے کو تیارہے مختلف قرارداروں میں مطالبہ کیا گیا کہ افواج پاکستان کوبدنام کرنے کی سازش بے نقاب ہونی چاہیے پس پردہ چہرے سامنے لائے جاناچاہیے۔ جیوٹی وی چینل کا لائسنس منسوخ کیاجائے۔ اٹک میںمنہاج القران کے زیراہتمام کچہری چوک سے فوارہ چوک تک ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں خواتین اوربچوں اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی شرکانے بینرز اورپاکستانی جھنڈے اٹھاکرفوج کوخراج تحسین بھی پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں پاک فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پشاورمیں مینگورہ کے عوام نے پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی۔ پاک فوج زندہ باد کے نعرے، شرکا بینرز اور پلے کارڈزاٹھائے ہوئے تھے، سوات پریس کلب کے سامنے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے مولانا صدیق احمد نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر دفاعی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کرنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔ ادھرڈیرہ اسماعیل خان جماعۃ الدعوۃ ڈیرہ اسماعیل خان (زون)کے زیراہتمام افواج پاکستان اورآئی ایس آئی کے خلاف پروپیگنڈا پراحتجاج کیاگیا۔

اس موقع پرجماعۃ الدعوۃ نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیاکہ اس مسئلے پرفی الفورایکشن لیتے ہوئے بھارتی ایجنسی ''را''کے پیداکردہ حالات و واقعات کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ اس موقع پرجماعۃ الدعوۃ نے جنگ گروپ کے اخبارات میں سے قرآنی آیات اوراحادیث کونکال کراخبارات کو نذرآتش بھی کیا۔ لاہور میں امیرجماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدکی زیرامارت مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں فوج کی حمایت میں متعدد قرار دادیں منظورکی گئیں۔ متفقہ قراردادمیں افواج پاکستان اورآئی ایس آئی کے خلاف پراپیگنڈے کو بھارت وامریکا کی خوفناک سازش قرار دیا گیااورکہاگیاکہ افواج پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانا دشمنوں کا ایجنڈا تھا جیوٹی وی پر بغیرتحقیق کے پروپیگنڈاکیاگیاہم سمجھتے ہیں کہ اسکے پس منظرمیں پاکستان کے دشمن ہیں۔

عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اس کے اعتماد کو مجروح نہیں ہونے دینگے جبکہ لاہور میں سنی اتحادکونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں پاک فوج زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے کہاکہ سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں ''پاک فوج زندہ باد تحریک'' شروع کردی اوردفاعی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دستخطی مہم بھی چلائی جائے گی۔ ملتان، سرگودھا، بہاولپور، مظفرگڑھ، وہاڑی، حیدرآباد، نوابشاہ، لاڑکانہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی پاک فوج سے حمایت کے لیے مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیاکراچی میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلیے جماعۃ الدعوۃ آج 27 اپریل کو سفاری پارک سے پریس کلب تک استحکام پاکستان ریلی نکالے گی۔ ادھر گوجرانوالہ کے علاقے دھونکل میں بھی فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی جبکہ ملتان میں وکلانے فوج کے حق میں ریلی نکالی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔