بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ آج شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان
پاکستان کے کسی ساحلی مقام کو خطرہ نہیں، صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں، محکمہ موسمیات
بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بن گیا ہے جو منگل کی شام کو ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کراچی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباو بن گیا، لو پریشرایریا کل شام کوایک درجہ مزید شدت اختیارکرنے کے بعد ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ کراچی کے جنوب اورجنوب مغرب میں 1550 کلومیٹر کی دوری پرہے جو ڈپریشن میں تبدیل ہونے کے بعد شمال مغرب کی جانب بڑھے گا، پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو ہوا کے کم دباؤ سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی تمام صورتحال کا باریک بینی سے مشاہدہ کررہا ہے، بحیرہ عرب میں ہونے والی اس سرگرمی کی پیش رفت سے متعلق وقتا فوقتا آگاہی دی جائے گی۔