کراچی لیبارٹری میں 2 کروڑ 90 لاکھ روپے ڈکیتی کی واردات

پولیس نے واردات کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے، واقعہ چار روز بعد درج ہوا


Sajid Rauf June 06, 2023
فوٹو فائل

شہر قائد کے علاقے ڈیفیس میں لیبارٹری کے دفترمیں 2کروڑ90لاکھ روپے کی مبینہ ڈکیتی کی واردات ہوئی جس کا پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کلفٹن تھانے کے علاقے ڈیفس فیز7خیابان سحر لین نمبر12 کے بنگلےمیں قائم میڈیکل ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کے دفترمیں 2کروڑ90لاکھ روپے کی مبینہ ڈکیتی کی واردات رپورٹ ہوئی ہے، جس کا مقدمہ لیبارٹری کے ڈائریکٹر سعید لعل شاہ بخاری کی مدعیت میں چار روز بعد نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق میڈیکل ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کے ڈائریکٹرسید لعل شاہ بخاری لیبارٹری کی تین برانچوں سے 2 کروڑ 90 لاکھ روپے کی رقم اکٹھا کی اور اپنے ملازم نیئر حسین کو شاپنگ بیگ میں پیسے دیئے جس فیز7خیابان سحر لین نمبر12 سے دوسرے دفتر میں موجود اکاؤنٹنٹ حیدر اور عارف کے حوالے کرنے گیا۔

مقدمے کے مطابق کچھ دیرکے بعد دوسرے دفتر کے ملازم جوزف نےفون پر بتایا کہ اکاؤنٹنٹ حیدر ، عارف اور نیئر حسین نے شاپر آفس میں رکھا اور تینوں نماز کی ادائیگی کے لیے چلے گئے، جوزف دفتر میں موجود تھا دفتر میں ڈاکو آئے اورجوزف کو رسی سے باندھ کر رقم والا شاپنگ بیگ لیکر فرار ہوگئے۔

اس ضمن میں ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ اور ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی واردات کا واقعہ مشکوک ہے اور میڈیکل ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کے ڈائریکٹر مقدمہ بھی درج کرانا نہیں چاہ رہا تھا جس کی وجہ سے مقدمے کےاندراج میں تاخیر ہوئی، ڈائریکٹر پولیس کے دباؤ پرمقدمہ درج کرانے پر راضی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ ممکنہ طور پر آفس میں ہی کوئی شخص رقم ہڑپ کرگیا ہے پولیس تمام پہلووں سے تحقیقات جاری ہے، جلد حقائق تک پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں