ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ سے ڈالر کی ادائیگی پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ
تعمیراتی سامان کی سپلائی اور کنٹریکٹرز پر ٹیکس میں اضافہ، اوورسیز پاکستانیوں کو پرایرٹی خریدنے پر ریلیف دیا جائے گا
ڈالر باہر لے جانے کے لیے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے استعمال پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز سامنے آگئی، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ سے ڈالر میں ادائیگیاں کرنے پر ٹیکس ایک فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بجٹ میں آف شور ڈیجیٹل خدمات پر ٹیکس 10 سے بڑھا کر 15 فیصد، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ٹیکس میں رعایت دینے، سمندر پار پاکستانیوں کی کرائے کی آمدن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 2 سے کم کرکے ایک فیصد کرنے، سمندر پار پاکستانیوں کے پراپرٹی خریدنے پر ود ہولڈنگ ٹیکس 2 فیصد سے کم کرکے ایک فیصد کرنے اور سمندر پار پاکستانیوں کی سالانہ 2 کروڑ کی کرائے کی آمدن پر فکس 10 فیصد ٹیکس مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ میں تعمیراتی سامان کی سپلائی پر ٹیکس 4 سے بڑھا کر 5 فیصد کرنے، کنٹریکٹرز پر 7 سال کے لیے ٹیکس 4.5 سے بڑھا کر 5.5 فیصد کرنے اور سالانہ 15 کروڑ سے 20 کروڑ روپے کے منافع پر ایک فیصد سپر ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔