حافظ نعیم کی درخواست میں فریق بننے کیلیے مرتضیٰ وہاب کا ہائیکورٹ سے رجوع
صوبائی اسمبلی نے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر قانون سازی کی، حافظ نعیم کی درخواست مسترد کی جائے، مرتضیٰ وہاب کی استدعا
پیپلز پارٹی کے نامزد میئر مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن کی درخواست میں فریق بننے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
مئیر کراچی کے انتخاب کی جنگ میں قانونی معاملات شدت اختیار کر گئے۔ میئر کے براہ راست انتخاب سے متعلق سندھ اسمبلی سے قانون سازی کے خلاف جماعت اسلامی کے نامزد میئر حافظ نعیم الرحمٰن کی درخواست میں فریق بننے کے لیے پیپلز پارٹی کے نامزد میئر مرتضیٰ وہاب نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
مرتضیٰ وہاب کی جانب سے فریق بننے کے لیے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن کی درخواست کی سماعت کے دوران میرا مؤقف بھی سنا جائے۔ مئیر کراچی کے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے میرے کاغذات نامزدگی منظور ہوچکے ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ صوبائی اسمبلی نے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون سازی کی ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن کی درخواست حقائق کے منافی ہے، مسترد کی جائے۔
واضح رہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن نے براہ راست مئیر کے انتخاب میں حصہ لینے کے قانون کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے جب کہ عدالت نے 13 جون کو فریقین سے جواب طلب کررکھا ہے۔