وزیراعظم کا مفت آٹا اسکیم میں خامیوں پر اظہار ناپسندیدگی

مستقبل میں آٹا تھیلے پر سبسڈی کے بجائے کیش سبسڈی دی جائیگی، سرکاری ذرائع


رضوان آصف June 13, 2023
مستقبل میں آٹا تھیلے پر سبسڈی کے بجائے کیش سبسڈی دی جائیگی، سرکاری ذرائع (فوٹو: فائل)

وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں مفت آٹا اسکیم میں انتظامی و تکنیکی خامیوں پر متعلقہ حکام سے اظہار ناپسندیدگی کیا ہے، وزیراعظم نے مفت آٹا اسکیم کا ڈیٹا جلد از جلد ری کنسائل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مستقبل میں اگر حکومت نے سستا یا مفت آٹا دینے کا فیصلہ کیا تو پنجاب میں مستحق افراد کو آٹا پر سبسڈی تھیلا کی صورت میں نہیں دی جائے گی بلکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کیش سبسڈی دی جائے گی۔

علاوہ ازیں مفت آٹا اسکیم میں استعمال ہونے والی ایپ"قیمت" میں سنگین نوعیت کی خامیاں سامنے آئی ہیں۔ ایک ضلع میں سپلائی کیا جانے والا آٹا کسی دوسرے ضلع میں ظاہر ہو رہا ہے جبکہ تقسیم کردہ آٹا کی "قیمت" ایپ میں ڈیجیٹل انٹری میں بھی غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے پنجاب کی فلور ملز سے مفت آٹا اسکیم کا ریکارڈ طلب کرلیا

اس حوالے سے فلور ملز ایسوسی ایشن نے پنجاب بھر میں تقسیم کردہ ڈیٹا کی شناختی کارڈ نمبر کی بنیاد پر اسکروٹنی شروع کردی ہے جس کے دوران "قیمت"ایپ میں بڑی تعداد میں غلط انٹریز کا انکشاف ہو رہا ہے۔ اسکروٹنی کے دوران فلور ملز کی جانب سے سپلائی کردہ آٹا کی انٹری میں بھی سنگین غلطیاں سامنے آئی ہیں، نیب کو بھی مفت آٹا اسکیم کی تحقیقات کے دوران اہم شواہد مل گئے ہیں۔

گزشتہ روز نیب ہیڈکوارٹرز لاہور میں چئیرمین نیب کو مفت آٹا سکیم تحقیقات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق نیب نے راولپنڈی میں مفت آٹا تقسیم میں سنگین بے ضابطگیوں کے حوالے سے اہم ثبوت حاصل کر لیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔