کراچی کے بجلی صارفین پر 152 روپے سرچارج لگانے کی منظوری

ای سی سی نے کے الیکٹرک کیلئے 76 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی


Irshad Ansari June 21, 2023
ای سی سی نے کے الیکٹرک کیلئے 76 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)نےکے الیکٹرک کے صارفین پر ایک روپے 52 پیسے سرچارج عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونیوالے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک کے صارفین پر ایک روپے 52 پیسے سرچارج عائد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ کے الیکٹرک صارفین سے سرچارج 12 ماہ میں وصول کیا جائے۔

اجلاس میں کے الیکٹرک کیلئے 76 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے، آئی پی پیز کو آئندہ پانچ ماہ کی ادائیگی کیلئے فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دی، آئی پی پیز کو ماہانہ چارارب روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔

ای سی سی نے آزاد کشمیر کیلئے واجبات کی مد میں 56 ارب روپے کی ادائیگی کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی۔

فارما سیوٹیکل خام مال درآمد کرنے کیلئے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم منظور کر لیں، حکومتی ایجنسیز فارماسیوٹیکل خام مال درآمد کر سکیں گی۔

وزارت تعلیم کیلئے 56 کروڑ 71 لاکھ کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ، تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ کیلئے چارکروڑ روپے ایک اور گرانٹ منظور کی گئی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ ملازمین کے اخراجات کیلئے ایک کروڑ 40 لاکھ، رینجرز کے ہیلی کاپٹر کے مرمتی کاموں کیلئے ایک کروڑ 92 لاکھ کی تکنیکی گرانٹ، آئی بی کیلئے 15 کروڑ، وزارت ہاؤسنگ کیلئے 50 کروڑ کی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں