پشاور میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہیٹ ویو کا الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے نے تمام ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی صوبے بھر میں جاری ہیٹ ویو سے بچاؤ کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری ،ہسپتالوں کو کولنگ زونز بنانے کی ہدایات کردی گئیں۔
گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے تمام اسپتال ہیٹ ویو ایکشن پلان بنائیں اور تمام اسپتالوں میں کولنگ زونز بنائے جائیں جہاں روزانہ سسٹم کو باضابطہ چیک کیا جائے۔
محکمہ صحت نے باضابطہ سرکاری اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ ہیٹ ویو صحت کے حوالے سے انتہائی رسک ہے۔ اسپتال آنے والے مریضوں، عملے و دیگر آنے والے افراد کو ہیٹ ویو سے محفوظ رکھنے، فوری طبی امداد کی فراہمی کا بندوبست یقینی بنایا جائے۔
اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ موسم کی شدت کے حوالے سے میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ رکھا جائے اور ہسپتالوں میں کولنگ سسٹم، ایئر کنڈیشنزز کا ریگولر چیک اپ، صاف پانی کی فراہمی، عملے کی تربیت، ہائی رسک مریضوں کو مانیٹر کیا جائے۔
گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ عام لوگوں میں ہیٹ ویو سے بچاو کی آگاہی، مقامی صحت دفاتر سے رابطہ کاری، ایمرجنسی رسپانس کی تیاری، ہیٹ ویو کے بعد فیسلٹی رسپانس کا جائزہ، بیرونی سرگرمیوں میں کمی کا شیڈول اختیار کیا جائے۔
دوسری جانب صوبے کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، پشاور میں آج درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صوبے کے مختلف علاقوں میں 25 سے 30 جون تک گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور ہوایئں چلنے کا امکان بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ پر پی ڈی ایم اے نے تمام ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردیں۔
اُدھر سیکریٹری محکمہ ریلیف نے اعلامیے میں کہا کہ عوام گرمی کی موجودہ لہرمیں احتیاطی تدابیراختیار کریں، سورج کی روشنی میں باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ادویات و ضروری سامان ساتھ رکھیں۔
سیکریٹری ریلیف نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ الرٹ رہے، ریسکیو1122 ایمبولینسز پانی کی بوتلیں اور آئس بیگز رکھیں اور ادویات و ضروری سامان بھی ایمبولینس میں رکھا جائے جبکہ عوامی آگاہی مہم کےذریعے عوام کو گرمی کی لہر سےباخبر رکھا جائے،
ترجمان محکمہ ریلیف نے کہا کہ بزرگ اور بچے صبح 10 سےشام پانچ کے اوقات میں براہ راست سورج کی میں نہ نکلیں، عوام سفر سے پہلے اپنی گاڑی کے انجن میں پانی اور ٹائروں میں ہوا کا پریشر چیک کریں جبکہ ۔کسان فصلوں، مویشیوں اور دیگر گھریلو جانوروں کےلیے پانی کی فراہمی کے انتظامات کریں۔
محکمے کے ترجمان نے کہا کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورت حال پر ریسکیو کی ہیلپ لائن 1122 یا پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔