عید قرباں شدید گرمی ماہرین طب کی کم گوشت کھانے کی ہدایت

صحت مندافراددن میں ایک پاؤ اور کولیسٹرول، شوگر اور امراض قلب کے مریض نصف پاؤ گوشت کھاسکتے ہیں


Tufail Ahmed June 27, 2023
گوشت کے ساتھ سلاد اور دہی کھانا مفید ہوگا،نظام ہضم میں خرابی کے شکار افراد گوشت ہرگز نہ کھائیں۔ فوٹو : فائل

شہری عید قربان کے موقع پر قربانی کا گوشت احتیاط سے کھائیں، گرم موسم میں زیادہ گوشت کھانے سے بدہضمی اورپیٹ کا نظام درہم برہم ہوسکتا ہے.

صحت مند افراد ایک دن میں ایک پاؤ گوشت کھاسکتے ہیں جبکہ کولیسٹرول، شوگر اورامراض قلب کے مریض نصف پاؤ گوشت کھاسکتے ہیں۔

یہ بات ڈاؤ یونیورسٹی کے سابق پروفیسر آف میڈیسن پروفیسر زمان شیخ نے گفتگو میں بتائی،انھوں نے کہا کہ گردے،کلیجی،مغز اور پایے میں کولیسٹرول کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے لہذا امراض گردہ، امراض قلب اور شوگر کے مریض ان سے پرہیز کریں، بار بی کیو بناتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں گوشت اچھی طرح پکا ہوا ہو کیونکہ بار بی کیو میں گوشت کچا اور عام طور پر جانور کا خون بھی لگا ہوا ہوتا ہے جو انسانی صحت کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بڑھتی مہنگائی؛ شہریوں میں اجتماعی قربانی کا رجحان بڑھ گیا

انھوں نے عید قربان کے موقع پر سارا دن گوشت کھانے سے منع کرتے ہوئے کہاکہ شدید گرم موسم میں مسلسل گوشت کھانا نقصان دہ ہوسکتا ہے، گوشت کے ساتھ سبزیاں، سلاد اور دہی کھانا مفید ہوگا، نظام ہضم میں خرابی کے شکار افراد گوشت ہرگز نہ کھائیں ، گائے،بیل، بچھڑے اوراونٹ کے گوشت میں کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، بکرے کے گوشت میں کولیسٹرول کی مقدار کم ہوتی ہے، امراض قلب اور شوگر کے مریض گوشت میں شامل چکنائی کھانے سے گریز کریں۔

پروفیسر زمان شیخ نے کہاکہ گوشت میں بہترین پروٹین شامل ہوتے ہیں نوجوان بچے، لڑکیوں کوگوشت کھانا چاہیے گوشت میں آئرن، زنک، وٹامن شامل ہوتے ہیں جو خون میں اضافے کا سبب بنتے ہیں، عید قربان کے موقع پر متوازی غذا کا استعمال بہتر ہوگا، تیز مصالحے والے گوشت معدے میں تیزابیت پیدا کرتے ہیں، گوشت کے ساتھ کولڈ ڈرنکس کے استعمال سے تیزابیت پیدا ہوتی ہے، وہ افراد جن کے گردے متاثر ہیں وہ گوشت کھانے سے پرہیزکریں، تیز مصالحے اور مرچ والے کھانے سے صحت کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، لہذا متوازن غذا کے ساتھ دہی کا استعمال مفید رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں