کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے سندھ میں پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین کرمنلز کا ریکارڈ مرتب کرلیا ہے۔
ٹاپ ٹین کرمنلز کے ریکارڈ کو ''گرے بْک''کا نام دیا گیا ہے، گرے بُک میں سندھ بھر 28اضلاع کے انتہائی سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی تصاویر، گینگ کا نام، عرفیت اور ایڈریس سمیت دیگر معلومات فراہم کی گئی ہے۔
سندھ میں انتہائی سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی ''گرے بْک''کا پہلا ایڈیشن تیار کیا گیا ہے جس میں ڈکیتی کی بڑی وارداتوں میں ملوث گینگ ، جیل جانے والے گروپس اور ڈکیتیوں میں شہریوں کو زخمی کرنے والے انتہائی سرگرم گروپس کا تمام ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ پولیس کا وفاقی تحقیقاتی اداروں کو صوبے کے کرمنلز کا ڈیٹا فراہم کرنے کا فیصلہ
ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ ذوالفقار لاڑک نے ایکسپریس کو بتایا کہ سندھ بھر میں بڑی ڈکیتیوں،جرائم پیشہ افراد کے منظم گروپس سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث گینگز کا ریکارڈ مرتب کرنے کا مقصد ان جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنا ہے اور سی ٹی ڈی کا یہ ریکارڈ تمام اضلاع کو فراہم کیا جائے گا جس کے بعد ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن بھی کیا جائے گا تاکہ سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوسکے۔
گرے بْک میں 210 انتہائی سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کا ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے ،اس بْک سے سندھ پولیس کے افسران کو سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری میں مدد ملے گی،ذوالفقار لاڑک کا کہنا تھا کہ گرے بْک کی تیاری کا ٹاسک سی ٹی ڈی انٹیلی جنس انچارج مظہر مشوانی کے سپرد کیا گیا ہے۔
مظہر مشوانی نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ کراچی کے8 اضلاع میں62ملزمان کا کرمنل ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے، ضلع سٹی میں انتہائی سنگین جرائم میں ملوث3 ملزمان، ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں3، ضلع کیماڑی میں9، ضلع ایسٹ میں11، ضلع کورنگی میں9، ضلع ملیر میں10، ضلع ویسٹ میں10ملزمان کو شامل کیا گیا ہے۔