روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک بار پھر تگڑا ہونے لگا

انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 91 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں ایک روپے مہنگا ہوگیا


Ehtisham Mufti July 10, 2023
ڈالر کی قدر میں مزید 1.86 روپے کا اضافہ

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان جاری ہے، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 91 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں ایک روپے مہنگا ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کی بندرگاہوں پر طویل عرصے سے رکے ہوئے چھ ہزار درآمدی کنٹینرز کی ادائیگیوں و کلئیرنس کے لیے ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھنے کے باعث پیر کو ایک بار پھر ڈالر کی پیش قدمی رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 279 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن ریٹ بھی بڑھ کر 283 روپے کی سطح پر آگئے۔

کاروبار کے ابتدائی دورانیے میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک موقع پر 16 پیسے کی کمی بھی واقع ہوئی لیکن اس دوران ڈیمانڈ میں بتدریج اضافے سے ڈالر کی اڑن شروع ہوئی جس سے ایک موقع پر ڈالر 2 روپے 1 پیسے کے اضافے سے 279 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ کرتا رہا ہے لیکن کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.91 روپے کے اضافے سے 279.80 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے بیشتر دورانیے میں ڈالر بغیر کسی تبدیلی کے 282 روپے پر مستحکم رہا تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے اوپن ریٹ بھی ایک روپے کے اضافے سے 283 روپے پر بند ہوئے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کے بعد گزشتہ چند دنوں میں ڈالر کی قدر میں دس سے گیارہ روپے کی کمی واقع ہوئی تھی تاہم حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے درآمدی ایل سیز پر عائد پابندی ختم کردی اسی لیے مارکیٹ میں دستیاب محدود ذخائر سے درآمدی ادائیگیوں کے لیے ڈالر فراہم کیے جارہے ہیں جو ڈالر کی پیش قدمی کا سبب بن رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں