ذکا اشرف سے ملاقات جے شاہ نے پاکستان میں ایشیاکپ دیکھنے کی دعوت قبول کرلی
جنوبی افریقا میں ذکا اشرف اور بھارتی بورڈ کے سیکریٹری کی ملاقات، ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل اور ورلڈ کپ پر تبادلہ خیال
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کی ڈربن میں ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں نے مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے پر اتفاق کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے، ذکا اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ کرکٹ تعلقات پر بات چیت ہوئی جس میں دونوں بورڈ عہدیداران نے کرکٹ روابط میں بہتری لانے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات جنوبی افریقا میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کی سائیڈ لائن پر خوشگوار ماحول میں ہوئی، ملاقات میں ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت کے علاوہ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاکستان کی شمولیت پر غیر یقینی کے سائے منڈلانے لگے
ذکاء اشرف نے جے شاہ کو ایشیاء کپ دیکھنے پاکستان آنے کی دعوت دی جو جے شاہ نے قبول کرلی۔ جواب میں جے شاہ نے زکاء اشرف کو بھارت آکر ورلڈ کپ دیکھنے کی دعوت دی جو ذکاء اشرف نے خوش دلی سے قبول کرلی۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ کے آغاز سے قبل گنگولی کی پاکستانی ٹیم کیخلاف ہرزہ سرائی
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے، پاکستانی عوام اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتی ہے، ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ یہ ایک اچھی شروعات ہے، مستقبل میں مزید ملاقاتیں ہوں گی۔