گلوکارعارف لوہار کو لائف ٹائم کلچرل ایوارڈ سے نواز دیا گیا
آغا قیصر عباس، افتخار ٹھاکر، طاہر پرویز مہدی، ریاض خان کو بھی ایشیئن ایوارڈز سے نوازا گیا
نامور فوک گلوکار عارف لوہار اور ممتاز فلم ڈائریکٹر صفدر ملک کو لائف ٹائم ایشیئن کلچرل ایوارڈز سے نواز دیا گیا۔
ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان اورلاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب الحمرا ہال ون مال روڈ میں منعقد ہوئی۔
اس پروقار تقریب کوسیکرٹری جنرل ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان سید سہیل بخاری نے آرگنائز کیا۔
اس موقع پرجہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازاگیا، وہیں نامور گلوکار عارف لوہار اور ورسٹائل گروپ نے اپنی شاندار پرفارمنس سے تقریب کو چارچاند لگائے۔
فنکاروں کی جاندارپرفارمنس پرجہاں فنکاروں نے سب کے دل موہ لیے وہیں شرکاء کی بڑی تعداد بھی جھومتی دکھائی دی۔
پرویز مہدی کے شاگرد طاہر پرویز مہدی اور ان کے ساتھی فنکاروں کی طرف سے پیش قوالی نے شائقین پر وجد طاری کیا جبکہ نامور کامیڈین غفار لہری کی مزاحیہ پرفارمنس کو بھی خاصا پسند کیا گیا۔
تقریب کے دوران گلوکارہ سائرہ طاہر، ملکہ ، کنزی بٹ ور بابر انجم نے آواز کا جادو جگا کر شائقین سے خوب داد سمیٹی۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم تھے جنہوں نے ڈائریکٹر الحمرا محمد سلیم ساگر اور سہیل بخاری کے ہمراہ فنکاروں میں ایوارڈز تقسیم کیے۔
نامور فلم ڈائریکٹرصفدر ملک اور گلوکار عارف لوہار تاحیات ایوارڈ کے مستحق ٹھہرے، ممتاز فیشن ڈیزائنر بی جی،آغا قیصر عباس، افتخار ٹھاکر، طاہر پرویز مہدی، ریاض خان کو بھی ایشیئن ایوارڈز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر ایشیئن کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید سہیل بخاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ اکتالیس سال سے ثقافت کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں، اپنی مدد آپ کے تحت فنکاروں،گلو کاروں سمیت مختلف حلقوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔