راولپنڈی بلیک میلنگ میں ملوث آن لائن لون ایپس کے 9 ملزمان گرفتار دفاتر سیل

سائبر کرائم سیل نے 19 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا


Saleh Mughal July 14, 2023
فوٹو : ایف آئی اے سائبر کرائم سیل

سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے بلیک میلنگ میں ملوث آن لائن لون ایپس کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کے مطابق چھاپہ مار کارروائیاں فنانشل سروسز کے دفاتر واقع سیدپور روڈ راولپنڈی میں کی گئی، 19 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

انسپیکٹر بدر منیر نے پلازے میں موجود کمپنی کے مختلف دفاتر کو سیل کر دیا، آن لائن کمپنی میں مختلف سیکشن بنے ہوئے تھے۔

ملزمان کو روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو کال کرنے کا ٹارگٹ دیا جاتا تھا جس کے بعد ملزمان متاثرہ شہریوں، دوستوں اور انکے رشتے داروں کو مختلف نوعیت کی کالز کرتے تھے۔ ہر ملزم کو روزانہ کی بنیاد پر 100 سے 150 کالز کرنے کا ٹارگٹ دیا جاتا تھا۔

مذکورہ دفاتر میں ٹارچر کالز سے متعلق علیحدہ سیکشن بنے ہوئے تھے، ہر سیکشن کو کالز کرنے کے حوالے سے الگ الگ کام سونپے جاتے تھے۔ ڈی زیرہ، ڈی ون، ڈی ٹو، ڈی ایس ون، ڈی ایس ٹو اور ڈی ایس تھری کے نام سے سیکشن بنے ہوئے تھے۔

مذکورہ لون ایپس کے ذریعے ملزمان کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جاتی تھی۔ بعد ازاں ملزمان متاثرہ شہریوں کو ہراساں کرتے تھے۔

چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں دستاویزات، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس اور سمز برآمد کر لی گئی۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں بھی آن لائن لون ایپس کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے کا معاملہ سامنے آیا جہاں متاثرہ شہری نے ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی کو آن لائن درخواست دی تو کارروائی کے بجائے چند دن بعد متاثرہ شہری کو خود دفتر پہنچ کر درخواست جمع کرانے کا عندیہ دے دیا گیا اور تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

واضح رہے کہ آن لائن لون ایپس کے ذریعے سادہ لوح افراد کو قرضوں میں پھنسا کر سود لینے و بلیک میل کرنے کے حوالے سے راولپنڈی کے شہری کی بے بسی سے خودکشی کرنے کا واقعہ سامنے آنے کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے کریک ڈاؤن جاری ہے۔

آن لائن قرض فراڈ کیس کے حوالے سے راولپنڈی میں پیش آنے والے سنگین واقعہ جس میں آن لائن قرض دینے والی کمپنی سے محض 13 ہزار روپے قرض لینے کے بعد بلیک میلروں کے چُنگل میں پھسنے و سود در سود اور بلیک میلنگ سے تنگ آکر 42 سالی مسعود نامی شہری نے بے بسی کی حالت میں خودکشی کرکے زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں