نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبائی وزیر کی برطرفی کیلیے گورنر کو پھر سمری بھیج دی

ورنر عدنان جلیل صوبائی وزیر برائے صنعت ، کامرس اور فنی تعلیم کو ان کے عہدہ سے ڈی نوٹیفائی عہدہ مطیع اللہ کو دیں، سمری


Shahid Hameed July 14, 2023
فوٹو فائل

خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے گورنر کی جانب سے صوبائی وزیر صنعت عدنان جلیل کو کابینہ سے فارغ کرنے سے متعلق سمری پر اٹھائے گئے اعتراضات کو بلاجواز قراردیتے ہوئے وزیر کو مذکورہ عہدے سے ہٹانے کے لیے سمری دوبارہ گورنر کو ارسال کردی۔

وزیراعلیٰ کی جانب سے گورنر کو دوبارہ ارسال کی گئی سمری میں کہاگیا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل کو ان کے عہدہ سے ہٹانے سے متعلق وزیراعلیٰ کی سمری پر جو اعتراضات اٹھائے گئے، ان کا مشیروں ومعاونین خصوصی کی تقرری سے متعلق ایکٹ 1999ءکی روشنی میں تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

نگران حکومت آئینی طور پر حاصل اختیارات کے تحت کام کررہی ہے اور کسی بھی وزیر کو اس کے عہدہ سے ہٹانا ایک انتظامی معاملہ ہے جس کے حوالے سے کسی بھی قسم کا کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا کیونکہ یہ محکموں کی وزرا کے مابین تقسیم اور ردوبدل کا معاملہ ہے جو صوبائی حکومت کے رولز آف بزنس 1985ء کے تحت صوبائی حکومت کرسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ کی جانب سے گورنر کو ارسال کی جانے والی سمری میں واضح کیاگیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 105کے تحت گورنر کابینہ اور وزیراعلیٰ کی ایڈوائس کے مطابق فرائض کی انجام دہی کریں گے، اس لیے گورنر عدنان جلیل صوبائی وزیر برائے صنعت ، کامرس اور فنی تعلیم کو ان کے عہدہ سے ڈی نوٹیفائی کریں اور مطیع اللہ جو اس وقت وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے کھیل وامور نوجوانان کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اعظم خان کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری میں انھیں صوبائی وزیر مقرر کرتے ہوئے کھیل اور امور نوجوانان کے ساتھ صنعت اور کامرس کے محکموں کے قلمدان بھی ان کے حوالے کیے جائیں جبکہ اشرف اللہ ولد یاقوت خان کو وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی مقرر کرتے ہوئے فنی تعلیم کے محکمہ کا قلمدان سونپا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں