آصف زرداری اور وزیراعظم کا سینئر سیاست دان کو نگراں وزیراعظم بنانے پر اتفاق

دونوں رہنماؤں کی ڈیڑھ گھنٹے طویل ملاقات کی اندرونی کہانی، قومی اسمبلی مقررہ وقت پر تحلیل کرنے پر بھی اتفاق


ندیم چوہدری July 15, 2023
فوٹو ایکسپریس

سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے اُن کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات ہوئی، جس میں قومی اسمبلی مقررہ وقت پر تحلیل کرنے اور سینئر سیاست دان کو بطور نگراں وزیراعظم لانے پر اتفاق ہوا ہے۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات لاہور میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورت حال سمیت دیگر امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔

وزیراعظم اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی


پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ڈیڑھ گھنٹے خوشگوار ماحول میں جاری رہی جس میں آئندہ عام انتخابات، نگران سیٹ اپ سمیت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔


دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ بروقت کروانے پر اتفاق کیا جبکہ دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ عام انتخابات میں کسی صورت تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔


آصف علی زرداری اور شہبازشریف کی موجودہ اسمبلی کی مدت ازخود آئینی تاریخ پر ختم کرنے پر اتفاق رائے بھی ہوگیا جس کے مطابق موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اور 13 اگست کی درمیانی رات کو ازخود ختم ہوجائے گی اور پھر نگراں حکومت آجائے گی۔


پیپلزپارٹی کی تجویز پر شہبازشریف کی دیگر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرائی جبکہ دونوں رہنماوں نے آئندہ نگران وزیر اعظم کسی بیوروکریٹ کے بجائے سینئر سیاست دان کو لانے پر غور کیا۔


پارٹی ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کے آئی ایم ایف سے امدادی پیکج کے لئے کلیدی کردار کو سراہا اور آئی ایم ایف ڈیل پر مبارکباد دی جس پر وزیراعظم نے سابق صدر کا شکریہ ادا کیا۔


آصف علی زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے معیشت کے لئے بچھائی گئی بارودی سرنگیں ہم مل کرصاف کر رہے ہیں، اس پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری ساری توجہ معیشت کی مضبوطی پر ہے اور اللہ کی مہربانی سے کامیابیاں مل رہی ہیں۔


وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے انتشار اورفتنے کی سیاست کا جڑ سے خاتمہ کر کے سیاسی استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کاخواب خواب ہی رہ گیا۔


قبل ازیں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری لاہور پہنچے، جہاں وہ چار روز قیام کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہ استحکام پارٹی جہانگیرترین کے گھرآمد

آصف علی زرداری استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین سے انکے بھائی عالمگیر خان کی وفات پر تعزیت کریں گے جبکہ لاہور میں قیام کے دوران وہ سیاسی ملاقاتیں بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور فضل الرحمان کے درمیان رابطہ، نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری سے پی ٹی آئی چھوڑنے والے دھڑوں کی ملاقات اور اُن کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان بھی ہے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کے مضبوط امیدواروں کے حوالے سے بھی ملاقات کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں