کراچی میں ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ
عام بازاروں میں ٹماٹر 200روپے کلو تک فروخت ہو رہے
شہر میں ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں کی قیمت کو پر لگ گئے جس کے باعث سستی سبزیاں بھی عوام کی قوت خرید سے باہر چلی گئیں۔
پرائس کنٹرول نہ ہونے اور سرکاری نرخ پر عمل درآمد نہ کرائے جانے سے شہریوں کے لیے مہنگائی کا مقابلہ کرنا مزید دشوار ہوگیا ہے۔
کراچی کے عام بازاروں میں ٹماٹر 200روپے کلو تک فروخت ہو رہے جبکہ توری، لوکی 130روپے، گوبھی 240روپے کلو، بھنڈی 250روپے سے 280روپے کلو اور ٹینڈے 160روپے کلو فروخت ہورے ہیں۔ پالک 100روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے، پیاز 60روپے کلو اور آلو 80سے 90روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہری انتظامیہ نے صارفین کو گراں فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، عام بازاروں میں سرکاری نرخ پر عمل درآمد کا کوئی نظام نہیں جبکہ بچت بازاروں میں بھی سبزیاں مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔
گلشن اقبال میں لگنے والے بچت بازار میں ٹماٹر 150روپے کلو تک فروخت کیے گئے، بچت بازار میں توری 130روپے، لوکی 120روپے اور بیگن 100روپے کلو فروخت کیے گئے جبکہ دھنیے کی گڈی کی قیمت 30روپے وصول کی گئی جو عام بازاروں میں 40روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ پنجاب میں شدید بارشوں کی وجہ سے سبزی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے جبکہ سندھ کا ٹماٹر نہ ہونے کی وجہ سے ان دنوں بلوچستان سے ٹماٹر لایا جا رہا ہے جس کی ترسیل کی لاگت زیادہ ہونے کی وجہ سے ٹماٹر کی قیمت بڑھ رہی ہے۔