ایف بی آر نے گریڈ 20 کے کلکٹرز کسٹمز ہٹا کر نئے افسران تعینات کردیے

کرپشن کے الزام پر ثاقف سعید،عثمان باجوہ اور عامر تھہیم کو ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنیکا حکم


تینوں افسران کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل، گرفتار 2 کسٹم افسران کے ریمانڈ میں توسیع—فائل فوٹو

فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرز نے اتوار کو ہفتہ وار چھٹی کے باوجود پاکستان کسٹمز کے کلکٹرز کے خلاف اربوں روپے کی مبینہ کرپشن میں تحقیقات کے باعث تبادلوں کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

کرپشن کا الزام عائد ہونے پر گریڈ 20 کے حامل کلکٹرز کسٹمز کو ہٹاکر نئے افسران تعینات کردیے گئے ہیں اور اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ میگا کرپشن کے الزام پر ثاقف سعید ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ کے عہدے سے فارغ کرکے ایف بی آر ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کلکٹر کسٹمز عثمان باجوہ اور کلکٹر کسٹمز عامر تھہیم کو بھی عہدوں سے ہٹاکر ایف بی آر ہیڈکوارٹر اسلام آباد رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق باسط مقصود عباسی کو کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی تعینات کردیا گیا ہے جبکہ سعدیہ شیراز کو ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ کا اضافی چارج دیدیا گیا ہے۔دریں اثنا اسپیڈ منی کے الزامات کا سامنا کرنیوالے کسٹمز افسران کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کردیے گئے،چھالیہ اسمگلر عمران نورانی کا نام بھی اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا، پرویشنل نیشنل آئیڈینٹی فکیشن لسٹ(پی آئی این ایل) میں ناموں کو شامل کرنے کی تجویز دے دی گئی.

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو مطلوب کسٹمز افسران کو بیرون ملک فرار سے روکنے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،کرپشن میں ملوث کسٹمز افسران کے نام اسٹاپ لسٹ پر ڈال دیے گئے،کسٹمز کلیکٹرز ثاقف سعید، عثمان باجوہ،عامر تھہیم کا نام ایف آئی اے اسٹاپ لسٹ پر ڈال دیا گیا، گرفتار کسٹم افسر یاور عباس اور طارق محمود کا نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل کردیے گئے جبکہ چھالیہ کے اسمگلر عمران نورانی کا نام بھی ایف آئی اے نے اسٹاپ لسٹ پر ڈال دیا گیا،ایف آئی اے امیگریشن کو مطلوب کسٹمز افسران کی فہرست ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے بھیجی ہے۔

دریں اثنا جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے کسٹمز میگا کرپشن اسکینڈل میں گرفتار 2 کسٹم افسران کے ریمانڈ میں توسیع کردی۔ کراچی سٹی کورٹ میں اتوار کو ایف آئی اے نے کسٹمز میگا کرپشن اسکینڈل میں ملوث 2 افسران کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا۔ ملزمان میں طارق محمود اور یاور عباس شامل ہیں۔

تفتیشی افسر نے ملزمان کے مزید تفتیش کرنی ہے استدعا ہے ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کے ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 19 جولائی تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں