پاکستان کے 24 طالبعلم امریکی خلائی کیمپ میں شریک

کراچی کے طلباوطالبات اسٹیم پروگرام میں شرکت کے لیے اس وقت ہنٹس ویل کیمپ میں موجود ہیں


عائشہ خان July 18, 2023
داؤد فاؤنڈیشن اور امریکی حکومت کے تعاون سے ہونہار طلبہ و طالبات کو امریکی سائنسی و خلائی کیمپ میں بھیجا گیا ہے۔ فوٹو: امریکی قونصلیٹ/ داؤد فاؤنڈیشن

شہر قائد کے تین اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 24 طلباوطالبات اس وقت امریکا میں سائنس، ٹیکنالوجی، ریاضی اور انجینئرنگ (اسٹیم) خلائی کیمپ میں شریک ہیں۔

امریکی حکومت کی مالی اعانت سے کراچی کے تین اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 24 طلبہ و طالبات امریکی خلائی و راکٹ سیںٹر کے خلائی کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ خلائی کیمپ امریکی ریاست الاباما کے شہر ہنٹس ویل میں منعقد ہورہا ہے۔

اس سرگرمی کا انعقاد امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی اور داؤد فاؤنڈیش کے باہمی تعاون سے کیا گیا، جس کا مقصد کراچی کے 50 اسکولوں میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی(اسٹیم) کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔



یہ امریکی گرانٹ تین حصوں پر مشتمل ہے: 100 پاکستانی اساتذہ کیلئے اسٹیم کی تربیت اور میگنیفائی سائنس سینٹر میں 1 ہزار سے زائد طلباء کے تعلیمی دورے اور سائنس پروجیکٹ کا اختتامی مقابلہ ہے اس امریکی گرانٹ کا مقصد اسٹیم تعلیم کو فروغ دینا اور کراچی کے اسکولوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ تاکہ وہ عملہ کی تربیت کیلئے مزید وسائل مختص کریں اور تربیت کے مزید بہتر نتائج حاصل ہوں۔

اس کے نتیجے میں ، طلباء کو سائنس کے شعبوں میں کیریئر بنانے کی ترغیب ملے گی، اس طرح صنعت ، تعلیمی اداروں اور تحقیق میں اسٹیم گریجویٹس کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔ امریکہ کیجانب سے طویل عرصہ سے مختلف تعلیمی پروگراموں کے ذریعے پاکستان میں اسٹیم تعلیم فروغ کیلئے مسلسل تعاون جاری ہے۔

ریاست ہائے متحدہ امریکہ دنیا بھر کے نوجوانوں کےلیئے جامع اسٹیم تعلیم، سبز ٹیکنالوجیز اور انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، تاکہ وہ اپنے ممالک کی معیشتوں کو پائیدار ترقی دینے کیلئے خدمات انجام دے سکیں۔



امریکی قونصل جنرل نکول تھیریوٹ نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ " ہم ایسے ذہین اور باصلاحیت نوجوان طلبہ کو امریکی میں خلائی کیمپ بھیجنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جو کہ تخلیقی صلاحیتوں کیساتھ ماحول دوست ٹیکنالوجیز اور انٹرپرینیورشپ کے ذریعے پاکستان کی ترقی کا عزم رکھنے والے ان طلبہ و طالبات کیلئے انعام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکا، پاکستان "سبز اتحاد" فریم ورک کو فروغ دینے پر فخر ہے، جو کہ پاکستان کیساتھ تعاون پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت کو بڑھانے میں کردار ادا کرتا ہے، جبکہ توانائی کی ترویج و تبدیلی کو جاری رکھتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے تعاون بھی اس کا حصہ ہے۔



اُن کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ طلبہ و طالبات اپنی تعلیم میں ترقی کرتے رہیں گے اور پاکستان اور دنیا کے لیئے اہم کردار ادا کریں گے تاکہ موجودہ اور مستقبل کی اہم ضروریات کو پورا کرنے میں مدد حاصل ہو۔''انٹر اسکول کی سطح پر ماحولیاتی پائیداری اور انٹرپرینیورشپ کے موضوع پر مقا بلوں کا انعقاد ہوا، اور تمام اسکولوں کی مسابقتی ٹیموں کو سائنس کٹس فراہم کی گئیں۔

مقابلے میں ججوں کے پینل نےتین اسکولوں کے آٹھ طلبہ اور ایک استاد کے منصوبوں کو کامیاب قرار دیتے ہوئے منتخب کیا، اس کے نتیجے میں 24 طلبہ اور تین اساتذہ پر مشتمل تمام تینوں ٹیموں کو حال ہی میں الاباما کے شہر ہنٹس ویل جاکر خلائی کیمپ میں حصہ لینے کا موقعہ حاصل ہوا۔ تینوں کامیاب سائنسی منصوبے ہر ٹیم کے رکن کی مشترکہ سوچ اور تعاون کے ذریعے کی گئی کوششوں کا شاندار نتیجہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔