کراچی میں 77جرائم پیشہ گروپوں کی نشاندہی تھانیداروں کو گرفتاری کی ہدایت

ایڈیشنل آئی جی کی زیر صدارت اجلاس میں اسٹریٹ کرمنلز کا سدباب کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی


طحہ عبیدی July 19, 2023
فوٹو: ایکسپریس

شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث 77 جرائم پیشہ گروپوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور تھانیداروں کو ان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کا اجلاس ہوا ہے جس میں اسٹریٹ کرمنلز کو نکیل ڈالنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

کراچی میں اسٹریٹ کرائم ، چھینا جھپٹی ، ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث 77 گروپس کی نشاندہی کی گئی ہے اور علاقائی تھانیداروں کو جلد از جلد ان ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں 300 سے زائد لڑکوں پر مشتمل77 گروپ منظم طریقے سے اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں کرتے ہیں۔ ضلعی ایس ایس پیز نے اس حوالے سے حتمی رپورٹ تیار کرکے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کو بھی پیش کی ہے جس میں گروپوں ، لڑکوں کی تصاویر اور چھینا جھپٹی کے مقدمات کی تمام تفصیلات موجود ہیں۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کا کہنا ہے کہ ضلع ایسٹ میں اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ملزمان کا تمام ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے، جو ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں یا جیلوں میں موجود ہیں ان کا ڈیٹا بھی تیار کیا گیا ہے تاکہ جرائم پیشہ گروپوں میں موجود تمام ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جاسکے ۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس نے اس بار کچی آبادیوں کو توجہ کا مرکز بنایا ہے کیوں کہ اسٹریٹ کرائمز میں ملوث جن ملزمان کو حالیہ دنوں میں گرفتار کیا ہے ان کا تعلق شہر کے مضافاتی علاقوں سے ہے۔

اسی امر کے پیش نظر کچی آبادیوں اور مضافاتی علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ وارداتوں کی روک تھام میں مدد مل سکے۔

واضح رہے کہ رواں سال شہر میں اب تک 45 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوچکی ہیں جبکہ 2 غیر ملکیوں سمیت 77 افراد اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں قتل بھی ہوچکے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں