سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی و دیگر کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج
ٹورازم ہائی وے کے روٹ کو تبدیل کرکے سیاسی رہنما کے گھر اور زمینوں کے پاس سے گزارا گیا
کہوٹہ، کوٹلی ستیاں کے علاقے میں ٹورازم ہائی وے کے مجوزہ منصوبے میں مبینہ ردوبدل کے معاملے پر اینٹی کرپشن راولپنڈی میں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم، ایم پی اے میجر ریٹائرڈ لطاسب ستی و پنجاب ہائی وے کے ایکسین سمیت متعلقہ حکام کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقدمہ کہوٹہ کے رہائشی شکیل احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کہوٹہ کوٹلی ستیاں کے علاقے میں سڑک جس کو ٹورازم ہائی وے کا نام دیا گیا کے مجوزہ روٹ کو تبدیل کرکے سیاسی رہنما کے گھر اور زمینوں کے پاس سے گزارا گیا۔
بوستان آباد اور بیور کے مقام پر بھی سڑک کا روٹ تبدیل کرکے سیاسی رہنماء اور عزیز و اقارب کو مستفید کیا گیا، ٹورازم ہائی وے کا مجوزہ روٹ تبدیل کرنے سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا ںقصان ہوا، سڑک کا مجوزہ روٹ تبدیل کرنے سے فاصلہ بھی بڑھا اور تخمینہ لاگت بھی بڑھ گئی، سڑک کا مجوزہ روٹ تبدیل کرنے سے مجموعی تخمینہ میں 90کروڑ سے زائد کے اخراجات بڑھے۔
مقدمہ میں کہا گیا کہ انکوائری کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے جس پر اینٹی کرپشن نے انکوائری کے بعد ایکسین پنجاب ہائی ویز سعد سلامہ، ایس ڈی او محمد اکرم، سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور ممبر صوبائی میجر ر لطاسب ستی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ایکسین طاہر اکرم راو اور ایس ڈی او خالد محمود کے خلاف محکمانہ ایکشن کی سفارش کی۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔