جامعہ کراچی ناقص اشیا کی فروخت پر 7 کینٹینز سیل
جامعہ میں ترکیہ کے قونصل خانے کے تعاون سے ترکی زبان کی تدریس کے انسٹی ٹیوٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے
جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے ناقص اور غیر صحت بخش اشیا کی فروخت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 7 کینٹینز کو سیل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے بغیر اطلاع کے نیشنل بینک کے قریب واقع کینٹینز کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فروخت کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء کا جائزہ لیا، معلوم ہوا کہ کھانے پینے کی اشیاء حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس فروخت کی جارہی تھیں اور ان اشیاء کی تیاری میں ناقص اجزاء کا استعمال کیا جارہا تھا۔
مزید برآں وائس چانسلر کو دورے کے موقع پر یہ بھی معلوم ہوا کہ یونیورسٹی کے اسٹیٹ آفس کی جانب سے جن ٹھیکیداروں کو کینٹینز دی گئی ہیں انھوں نے غیر قانونی طور پر ایک ایک کینٹین میں کئی کئی کاؤنٹرز بنا کر انھیں مزید کنٹریکٹرز کے حوالے کردیا ہے جن سے کئی کئی ہزار روپے مہینہ کرایہ بھی وصول کیا جارہا ہے جس سے یونیورسٹی کو خطیر رقم کا ہر ماہ نقصان اٹھانا پڑھ رہا ہے۔
اس صورتحال کے بعد اس معاملے کو اسٹیٹ آفس کے حوالے کردیا گیا اور وائس چانسلر کی جانب سے اسٹیٹ آفیسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان کنٹریکٹر سے براہ راست کرایہ یونیورسٹی خزانے کے لیے وصول کریں اور حفظان صحت کے اصولوں کی یقین دہانی ہوجانے تک کینٹینز بند رکھی جائیں۔
شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے انچارج عہدے سے فارغ
علاوہ ازیں وائس چانسلر جامعہ کراچی نے الحاق شدہ کالجوں کا امتحان نہ لینے کی شکایت پر شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے انچارج اسسٹنٹ پروفیسر عاصم کو عہدے سے ہٹاکر ان کی جگہ ایسوسی ایٹ پروفیسر صفیہ بانو کو شعبہ کا چیئرپرسن مقرر کردیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ شعبہ ٹیچر ایجوکیشن میں انچارج کے عہدے سے ہٹائے گئے اسسٹنٹ پروفیسر نے جگہ کی تنگی کا بہانہ بناتے ہوئے بی ایڈ سمیت دیگر متعلقہ امتحانات لینے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد انھیں فارغ کیا گیا ہے۔
ترکی زبان کی تدریس کے لیے انسٹیٹیوٹ کے قیام پر پیشرفت
جامعہ کراچی میں ترکیہ کے قونصل خانے کے تعاون سے ترکی زبان کی تدریس کے انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں وائس چانسلر کی جانب سے شعبہ اردو کی پروفیسر تنظیم الفردوس کو اس ادارے کا فوکل پرسن مقرر کردیا گیا ہے جبکہ شعبہ اردو میں ایک دفتر اس سلسلے میں ترکی زبان کے انسٹی ٹیوٹ کے دفتر کے لیے مختص کردیا گیا ہے جس کی تزئین و آرائش ترکی کا قونصل خانہ کرے گا۔