کراچی فوڈ ایکسپو میں سالٹ تھراپی رومز غیر ملکی مندوبین کی توجہ کا مرکز
اب تک 200 کمرے ایکسپورٹ کرچکے ہیں، اسماعیل ستار
ایکسپو سینٹر میں جاری فوڈ اینڈ ایگری کلچر نمائش میں سالٹ تھراپی رومز غیر ملکی مندوبین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
خصوصی تھراپی روم کی دیواروں، چھت اور فرش کو معدنی نمک سے تیار کیا گیا ہے۔ معدنی نمک سے تیار کمرے میں خصوصی ایزی چیئرز بھی رکھی گئی ہیں۔ معدنی نمک کی تھراپی کو سائنسی اصطلاح میں ہالوتھراپی کہا جاتا ہے جس کی ابتدا مشرقی یورپ سے ہوئی تھی۔
ماہرین کے مطابق معدنی نمک کے باریک ذرات سانس کے راستے پھیپھڑوں میں داخل ہوکر نظام تنفس کو مضبوط بناتے ہیں سانس کی نالیوں کی کثافت کو دور کرکے جسم میں بیماریوں کے خلاف مزاحمتی صلاحیت کو بہتر بناتے ہیں۔
نمائش میں حب سالٹ کے اسٹال پر بنائے گئے معدنی نمک کے کمرے میں خصوصی آلات لگائے گئے ہیں جو نمک کو باریک ذرات میں تبدیل کرتے ہیں جو سانس کے ذریعے انسانی پھیپھڑوں اور نظام تنفس میں شامل ہوتے ہیں۔
حب سالٹ کے سی ای او اور پاکستان سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسماعیل ستار نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک 200 کمرے ایکسپورٹ کرچکے ہیں۔ امریکا کے علاوہ یورپ کے ممالک، آّسٹریلیا اور برطانیہ بڑے خریدار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ معدنی نمک کے خوردنی فوائد کے علاوہ سانس اور جلد کے ذریعے انسانی جسم پر پڑنے والے مفید اثرات پر سب سے پہلے پولینڈ میں تحقیق کی گئی اور معدنی نمک کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے جسم اور صحت پر پڑنیو الے مثبت اثرات نے دنیا کو معدنی نمک کے فوائد کی جانب متوجہ کیا۔
اسماعیل ستار نے کہا کہ پاکستان میں وافر مقدار میں معدنی نمک کے ذخائر ہیں اور پاکستان نے معدنی نمک (پنک سالٹ) کی جی آئی رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کرلیا ہے اب دنیا میں پنک نمک صرف پاکستان کی پراپرٹی ہوگا۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ پاکستان بھارت کو بڑے پیمانے پر پنک سالٹ ایکسپورٹ کررہا ہے۔ بھارت اپنے استعمال کے لیے نمک درآمد کرتا ہے۔
اسماعیل ستار نے بتایا کہ پنک سالٹ مختلف حالتوں مین دنیا کے پچاس سے زائد ملکوں کو ایکسپورٹ کیا جاتا ہے ارجنٹینا کے ساتھ حال ہی میں قرنطینہ معاہدہ کے لیے تیاریوں کو آخری شکل دی گئی ہے اور جلد ہی ارجنٹینا کو بھی پنک سالٹ ایکسپورٹ ہوگا۔