الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کیلیے ادارہ شماریات سے تفصیلات مانگ لیں
الیکشن کمیشن کا ادارہ شماریات کو خط، مردم شماری کے اعداد و شمار سمیت ڈیجیٹلائزڈ نقشوں کی تفصیلات دینے کی ہدایت
الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کے لیے وفاقی ادارہ شماریات سے مردم شماری کے اعداد و شمار، بلاکس، چارجز، تحصیل، تعلقہ، اضلاع اور ڈیجیٹلائزڈ نقشوں کی تفصیل طلب کرلی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے سربراہ ڈاکٹر نعیم الظفر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 27 اگست تک ڈیجیٹل مردم شماری کی تفصیل، 2017 کی مردم شماری کا تقابلی جائزہ، تمام مردم شماری بلاکس، حلقوں، چارجز، تحصیل و تعلقہ اور اضلاع کی تفصیل کے ساتھ ڈیجیٹائزڈ نقشے فراہم کیے جائیں۔
مزید پڑھیں: عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہو سکتے، الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں ایک پرفارما بھی تیار کیا ہے۔ اایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشنز I کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، وفاقی ادارہ شماریات بھی کسی سینیئر افسر کو فوکل پرسن مقرر کرے اور 27 اگست تک مطلوبہ معلومات اور دستاویزات فراہم کی جائیں۔