پاکستان ایشیا پیسفک میں سب سے بڑی سورس مارکیٹ ہےسعودی وزیر

نسوک ایپ سفری سہولتیں مہیا کرکے مقامات مقدسہ کا سفر آسان بنانے میں اہم کردار ادا کریگی


Kashif Hussain August 23, 2023
سعودی ٹور ازم اتھارٹی کے زیر اہتمام نسوک روڈ شو کے موقع پر میڈیا راؤنڈ ٹیبل میں اظہار خیال۔ فوٹو: عرب نیوز

پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا پیسفک ریجن میں سعودی عرب کی سب سے بڑی سورس مارکیٹ ہے۔

گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں سعودی ٹور ازم اتھارٹی کے زیر اہتمام سعودی عرب میں سیاحت کے شعبہ کے فروغ کیلیے نسوک روڈ شو کے موقع پر میڈیا راؤنڈ ٹیبل میں سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ پاکستان ایشیا پیسفک ریجن میں سعودی عرب کی سب سے بڑی سورس مارکیٹ ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارم نسوک پاکستانی زائرین اور عازمین کو سفری سہولتیں مہیا کر کے مقامات مقدسہ کے سفر کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

سعودی ٹورازم اتھارٹی،اے پی اے سی مارکیٹس کے صدرالحسن الدبغ اور فہد حامد الدین سمیت وزارت سیاحت کی دیگر اہم شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ اسلامی اقدار کے دیرینہ اور مضبوط رشتے سے منسلک ہیں، سعودی عرب نے مکہ و مدینہ کے ساتھ دیگر تاریخی اہم شہروں تک بھی رسائی کو آسان بنانے کا فیصلہ کیا ہے، سعودی عرب کی نئی سیاحتی پالیسی کے تحت دنیا بھر کے سیاح اب روایتی عرب ثقافت، سعودی عرب کے دلفریب اور منفرد قدرتی مناظر کے ساتھ گرمجوش میزبانی سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

ڈاکٹر توفیق نے مزید کہا کہ پاکستان سے سعودی عرب کا سفر کرنے والوں کی تعداد دس لاکھ کے قریب ہے جن میں سے 73فیصد عمرے کی ادائیگی کے لیے سفر کرتے ہیں سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت اگلے سات سال میں یہ تعداد بڑھ کر 35 لاکھ تک پہنچ جائیگی، نئی ویزا پالیسی کے تحت دنیا کے دیگر اسلامی ملکوں کی طرح پاکستانی زائرین بھی ویزا کٹیگری کی تخصیص کے بغیر عمرے کی ادائیگی کرسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ خواتین بھی محرم کے بغیر عمرہ کی ادائیگی کیلیے آسکتی ہیں، مذہبی سیاحت کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کی برسوں قدیم تاریخ اور ثقافت کا مشاہدہ کرنے کیلیے بھی ہماری سرحدیں کھلی ہیں،اور ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں، سعودی وفد سے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بھی ملاقات کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں