سندھ بھر میں سود کے کاروبار سے منسلک افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

آئی جی سندھ کارروائی کرکے 26 ستمبر تک رپورٹ پیش کریں، سندھ ہائی کورٹ


ناصر بٹ August 23, 2023
آئی جی سندھ کارروائی کرکے 26 ستمبر تک رپورٹ پیش کریں، سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائیکورٹ نے سودی کاروبار کی روک تھام سے متعلق صوبے بھر میں سود کے کاروبار سے منسلک افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔

عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ ایسے لوگوں کیخلاف کارروائی کی جائے جو مجبور لوگوں کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ جسٹس اصلاح الدین پہنور پر مشتمل سنگل بینچ کے روبرو سودی کاروبار کی روک تھام سے متعلق اہم سماعت ہوئی۔

عدالت نے صوبے بھر میں سود کے کاروبار سے منسلک افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کے لیئے محکمہ داخلہ اور آئی جی سندھکو احکامات جاری کردئیے۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ تمام ایس ایس پیز کو سود پر کاروبار کرنے والوں کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کریں۔ آئی جی سندھ کارروائی کرکے 26 ستمبر تک رپورٹ پیش کریں۔ ممبر انسپیکشن ٹیم 2 ہائیکورٹ تمام جوڈیشل مجسٹریٹ کو بھی عدالتی احکامات سے آگاہ کریں۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے محکمہ داخلہ سندھ کو تمام ڈپٹی کمشنرز کو سودی کاروبار سے منسلک افراد کیخلاف کارروائی کی ہدایت جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے 2 ماہ میں دی سندھ پروہیبشن آف انٹرسٹ آن پرائیویٹ لون ایکٹ کے رولز بنانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے احکامات دیئے کہ سیکریٹری قانون 2 ماہ میں سود کے کاروبار کی روک تھام سے متعلق بنائے گئے ایکٹ کے رولز بناکر رپورٹ پیش کریں۔ اگر 2 ماہ میں رولز نہیں بنائے گئے تو سیکریٹری داخلہ عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

سیکریٹری قانون نے عمل درآمد رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ جس میں کہا گیا کہ عدالتی احکامات پر صوبے میں دی سندھ پروہیبشں آف انٹرسٹ آن پرائیویٹ لون ایکٹ 2023 بنادیا گیا۔ ایکٹ کا باقاعدہ گزٹیڈ نوٹیفیکشن بھی ایشو کردیا گیا ہے۔ سودی کاروبار سے منسلک افراد کیخلاف قانون نافذ العمل ہوچکا ہے، کارروائیاں جاری ہیں۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے حکم دیا کہ ایسے لوگوں کیخلاف کارروائی کی جائے جو مجبور لوگوں کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں