بجلی بلوں نے صارفین کو دہلادیا 2 یونٹ کا بل 3747 روپے

دنیا کی مہنگی ترین بجلی استعمال کرنے کا اعزاز کراچی کے رضوان کے حصے میں آگیا


Kashif Hussain August 25, 2023
کمپنی کا بل میں کمی سے انکار،بل درستگی کیلیے آنیوالے دیگر صارفین کو بھی مایوسی (فوٹو: فائل)

بجلی کے بلوں نے صارفین کو دہلا کر رکھ دیا کراچی کے صارف کو 2 یونٹ کا 3747 روپے بل موصول ہوا، کمپنی نے بل میں کمی سے صاف انکار کردیا۔

ایک یونٹ 1873 کا پڑا، دنیا کی مہنگی ترین بجلی استعمال کرنے کا اعزاز کراچی کے محمد رضوان کے حصہ میں آگیا۔ بجلی کا خرچ کم ہونے کے باوجود ٹیریف کے ساتھ گزشتہ سال کے 4مہینوں کے ایڈجسٹمنٹ، فیول سرچارج، ایڈیشنل سرچارج اور یونیفارم ایڈجسٹمنٹ سمیر سیلز ٹیکس، الیکٹرک سٹی ڈیوٹی عائد ہونے سے بجلی کے دگنے بل موصول ہوئے۔

کراچی کے ایک شہری محمد رضوان کو محض 2 یونٹس بجلی کا کرنٹ بل 3747 روپے موصول ہوا جس میں نامعلوم قسم کے ایڈجسٹمنٹ شامل کرکے بل 3747 روپے تک پہنچا دیا گیا، 2 یونٹ کا 16.30 روپے ٹیریف کے لحاظ سے خرچ ہونے والی بجلی کی قیمت 33 روپے بنتی ہے لیکن شہری کو 3747 روپے کا ٹیکہ لگا دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں تاجروں نے کےالیکٹرک عملے کی پٹائی کردی

2 یونٹ کا بل 3747 روپے موصول ہونے پر صارف کا کہنا تھا کہ بجلی کے موجودہ بلوں کا کوئی سر پیر نہیں ناظم آباد گول مارکیٹ کے کسٹمر سینٹر پر صبح سویرے بلوں کی درستگی کے لیے آنے والے صارفین کو ٹکا سا جواب دے کر فارغ کردیا گیا کہ بلوں میں شامل ٹیکسز، سرچارج ، ایڈیشنل سرچارج اور ایڈجسٹمنٹس نیپرا کی منظوری سے وصول کی جارہی ہیں اور کمپنی پالیسی کے تحت کرنٹ بل میں کسی قسم کی اقساط بھی نہیں کی جاسکتیں۔

صارفین کا کہنا تھا کہ منہ زور مہنگائی کا مقابلہ پہلے ہیں دشوار تھا اب بھاری بھرکم بلوں نے عوام کا دیوالیہ نکال دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں