ارض وطن کیلیے جان کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کی یاد میں ’ باغ شہدا پارک ‘ تعمیر کرنے کا فیصلہ
پارک میں ملک و ملت پر اپنی جانیں قربان کرنےو الے شہدا کے مجسمے نصب کیے جائیں گے
وفاقی حکومت نے ملک اور قوم کے لیے لازوال قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک کا پہلا باغ شہدا پارک تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفیصلات کے مطابق وفاقی وزیر قومی و ادبی ورثہ جمال شاہ کے ڈیزائن کردہ باغ شہدا پارک میں ارض وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے مجسمے نصب کیے جائیں گے جبکہ انٹری گیٹ پر چالیس فٹ لمبا رلیف ورک نصب کیا جائے گا۔
باغ شہدا پارک فاطمہ جناح پارک ایف نائن کے اندر ہی تعمیر کیا جائے گا۔
پارک میں آنے والے سیاحوں اور شائقین کے لیے خصوصی انفارمیشن ڈیسک اور ایک بڑا قومی پرچم بھی پارک میں لگایا جائے گا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر جمال شاہ اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کیپٹن انوار الحق اور دیگر اعلی حکام نے پارک کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر جمال شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارے شہدا ہمارے ملک کی شان ہیں جنہوں نے اس قوم کے لیے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔
ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی پارک ہوگا جس سے ہمارے نوجوانوں کو قومی ہیروز کے بارے آگاہی حاصل ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اس پارک کو دور جدید کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، ممکنہ طور پر 6 ستمبر کو وزیر اعظم باغ شہدا کا افتتاح کریں گے۔