نجی گندم لیکر پہلا بحری جہاز روس سے پاکستان کیلیے روانہ

دوسرا جہاز 14ستمبر کو آئیگا،نجی شعبہ9لاکھ ٹن سے زیادہ گندم امپورٹ کریگا


رضوان آصف August 29, 2023
کرپشن پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر پنڈی سفیان کو ملازمت سے برخاست کردیا گیا (فوٹو : فائل)

نجی گندم لیکر پہلا بحری جہاز روس سے پاکستان کیلیے روانہ ہو گیا۔

پاکستان کیلیے نجی گندم کی امپورٹ کا عملی آغاز ہو گیا، روس کی بندرگاہ سے گندم سے لدا بحری جہاز پاکستان کیلیے روانہ ہو چکا ہے جو 8 ستمبر کو کیماڑی بندرگاہ پہنچے گا، دوسرا جہاز 14 ستمبر کو آئیگا، 8 ستمبر کو آنے والے بحری جہاز میں 55 ہزار ٹن گندم لدی ہوئی ہے۔

امپورٹرز کے مطابق ابتک 4 لاکھ ٹن گندم خریدی جا چکی اور قوی امید ہے کہ نجی شعبہ 9 لاکھ ٹن سے زیادہ گندم امپورٹ کریگا جس میں سے زیادہ گندم کراچی میں استعمال ہوگی جہاں فلورملز کو گندم دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ قیمتوں میں بھی عدم استحکام موجود ہے، گندم سٹہ بازی میں ملوث فلورملز نے نجی امپورٹ کو سبوتاژ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی تھی جو ناکام رہی ، فلور ملز ، ذخیرہ اندوزوں نے نگران وفاقی شخصیت کے قریبی دوستوں کے ذریعے اثر انداز ہونے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری و نجی گندم امپورٹ کی تیاریاں حتمی مراحل میں پہنچ گئیں

نگران وفاقی حکومت نے عوام کے غذائی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے ہر قسم کے دبائو اور غلط مشوروں کو مسترد کردیا۔

حساس اداروں نے گندم کی غیر قانونی ٹریڈنگ میں ملوث رحیم یار خان، بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے فلور مل مالکان اور ذخیرہ اندوزوں کی نئی فہرست کی تیاری شرع کردی جن میں سے چند کے بارے انٹیلیجنس اداروں کو شواہد ملے ہیں کہ وہ وفاقی اور صوبائی نگران کابینہ کے چند ارکان کے ذریعے گندم امپورٹ کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کرتے رہے جبکہ مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں مصنوعی اضافہ میں بھی یہی عناصر ملوث ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز سیکرٹری فوڈ پنجاب زمان وٹو نے کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کے الزامات کی بناء پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راولپنڈی سفیان اعوان کو ملازمت سے برخاست کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں