ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
انٹربینک ریٹ 304 اور اوپن ریٹ 319 روپے سے تجاوز
ملک میں غیر یقینی معاشی حالات کی وجہ سے بدھ کو بھی ڈالر کی اڑان جاری رہی۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کا انٹربینک ریٹ 304 روپے اور اوپن ریٹ 319 روپے سے تجاوز کرگیا۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران مستقل ڈیمانڈ برقرار رہنے سے ڈالر کی قدر ایک موقع پر 1 روپے 55 پیسے کے اضافے سے 304 روپے 60 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ قدرے کم ہونے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.39 روپے کے اضافے سے 304.44 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئے۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1 روپے 50 پیسے کے اضافے سے 319 روپے 50 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔
انٹربینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان ڈالر کی قدر کا فرق بڑھ کر 15 روپے 06 پیسے تک پہنچ گیا ہے حالانکہ آئی ایم ایف کی دونوں مارکیٹوں میں قدر کی فرق کی شرح 1اشاریہ 25 فیصد کی شرط عائد ہے۔