فلم راولپنڈی ایکسپریس کا کیس سندھ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کو واپس ارسال

شعیب اختر مسلسل غلط بیانی کر رہے ہیں، فلم کمپنی کا درخواست میں موقف


کورٹ رپورٹر September 06, 2023
شعیب اختر نے پروڈکشن کمپنی کیخلاف 50 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ کررکھا ہے:فوٹو:فائل

سابق کرکٹر شعیب اختر کی زندگی پر بننے والی فلم ' راولپنڈی ایکسپریس' کا کیس سندھ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کو ارسال کردیا گیا۔

سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سابق قومی کرکٹر شعیب اختر کی زندگی پر بننے والی فلم "راولپنڈی ایکسپریس" کے تنازع سے متعلق حکم امتناعی کیخلاف کیو فلمز پروڈکشن کی اپیل پرمعاملہ سنگل بینچ کو واپس بھیجتے ہوئے دائرہ اختیار کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس عرفان سعادت خام کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سابق قومی کرکٹر شعیب اختر کی زندگی پر بننے والی فلم "راولپنڈی ایکسپریس" سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

وکیل کیو فلمز نے موقف اختیار کیا کہ فلم سے متعلق تمام معاہدے یو اے ای میں ہوئے ہیں۔ سنگل بینچ نے ہماری درخواست سنے بغیر حکم امتناع جاری کیا۔ فلم مکمل ہوچکی ہے ریلیز کی ساری تیاریاں مکمل ہیں۔ اچانک شعیب اختر نے اعتراض کردیا۔ معاہدے بیرون ملک ہوئے ہیں حکم امتناع دینے یا کیس کا فیصلہ کرنے کا سندھ ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار نہیں۔دو رکنی بینچ نے فلم ریلیز کا تنازعہ سنگل بینچ کو واپس بھیج دیا۔ عدالت نے سنگل بینچ کو پہلے دائرہ اختیار کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ سنگل بینچ دونوں فریقین کا موقف سن کر ایک ماہ میں فیصلہ کرے۔ دائر اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ شعیب اختر نے حکم امتناعی سے متعلق عدالت میں غلط بیانی کی۔ شعیب اختر مسلسل سے غلط بیانی کر رہے ہیں۔ شعیب اختر نے کیو فلمز کیخلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعوی دائر کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں